جرمنی میں مسافر ٹرینوں کے تصادم میں دس افراد ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ EPA
Image caption امدادی کارکنوں کو بوگیاں کاٹ کر ان میں پھنسے افراد کو نکالنے میں کئی گھنٹے لگے

جرمنی کی ریاست بویریا میں پولیس کے مطابق دو مسافر ٹرینوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں کم از کم دس افراد ہلاک اور 100 کے قریب زخمی ہوگئے ہیں۔

بویریا پولیس کی جانب سے ٹوئٹر پر جاری کیے گئے پیغام کے مطابق زخمیوں میں سے 50 افراد شدید زخمی ہیں۔

مقامی ذرائع ابلاغ نے پولیس کے حوالے سے بتایا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں دونوں ٹرینوں کے ڈرائیور اور گارڈ شامل ہیں۔

مقامی پولیس کے مطابق یہ حادثہ منگل کی صبح میونخ کے جنوب مشرق میں ساٹھ کلومیٹر کے فاصلے پر واقع قصبے باد ایبلنگ میں پیش آیا۔

Image caption زخمیوں میں سے 50 افراد شدید زخمی ہیں

جرمن ذرائع ابلاغ کے مطابق تصادم اتنا شدید تھا کہ ایک ٹرین کی کئی بوگیاں پٹڑی سے اتر کر الٹ گئیں۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں اور جائے حادثہ سے ہیلی کاپٹروں کے ذریعے زخمیوں کو منتقل کیا گیا ہے۔

پولیس کا کا کہنا ہے کہ امدادی کارکنوں کو بوگیاں کاٹ کر ان میں پھنسے افراد کو نکالنے میں کئی گھنٹے لگے۔

Image caption تصادم اتنا شدید تھا کہ ایک ٹرین کی کئی بوگیاں پٹڑی سے اتر کر الٹ گئیں

تاحال حادثے کی وجہ سامنے نہیں آئی ہے تاہم دونوں ٹرینیں ایک ہی لائن پر موجود تھیں اور آمنے سامنے ٹکرائیں۔

مقامی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد پولیس نے اردگرد کے علاقے کی سڑکیں بھی بند کر دی ہیں۔

بویریا پولیس کے ترجمان سٹیفن سنٹاگ نے خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ ’یہ اس خطے میں کئی برسوں کے دوران پیش آنے والا سب سے بڑا حادثہ ہے۔ بہت سے ڈاکٹر، ایمبیولنسز اور ہیلی کاپٹر جائے حادثہ پر موجود ہیں۔‘

اسی بارے میں