میکسیکو کی جیل میں قیدیوں کی لڑائی میں 49 ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption حکام کا کہنا ہے کہ اب جیل پر مکمل طور پر کنٹرول ہے اور حالات پر قابو پایا جا چکا ہے

میکسیکو کے شمال میں مونٹیری کے قریب ایک جیل میں قیدیوں کے دو حریف گروہوں کے درمیان زبردست لڑائی میں 49 قیدی ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔

نوئیو لیون صوبے کے گورنر جیم روڈرز کا کہنا کہ ٹوپوچیکو جیل میں جو بارہ قیدی زخمی ہوئے ہیں ان میں سے پانچ کی حالات کافی نازک ہے۔

ان کے مطابق قیدیوں کے جن دوگروپ میں لڑائی ہوئی انھوں نے ایک دوسرے پر دھار دار ہتھیار، بلّوں اور لاٹھیوں سے حملہ کیا۔

صوبے کے گورنر نے اپنے پہلے بیان میں ہلاک ہونے والے قیدیوں کی تعداد 52 بتائی تھی لیکن اس کے بعد اسے 49 بتایا گیا جس میں سے اب تک کے 40 کی شناخت کر لی گئی ہے۔

جیل میں قیدیوں کے درمیان اس طرح کی سخت لڑائی ایک ایسے وقت ہوئی ہے جب عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس شمالی میکسیکو کے ایک قید خانے کا دورہ کرنے والے ہیں جہاں منشیات میں ملوث مافیاؤں کے درمیان اکثر تشدد کے واقعات ہوتے رہتے ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption اس واقعے کے بعد دوسرے قید خانوں کی سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے اور بعض قیدیوں کو دوسری جیلوں کو منتقل کیا گیا ہے

مسٹر روڈرز کا کہنا تھا کہ قیدیوں کے دونوں حریف فریقوں میں لڑائی تقریبا آدھی رات کو شروع ہوئی اور 30 سے 40 منٹ تک جاری رہی ہے جس کے دوران ان قیدیوں نے جیل کے ایک سٹور خانے کو بھی آگ لگانی کی کوشش کی۔

حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے سبھی مرد ہیں۔

ان کہنا تھا کہ اس واقعے کے بعد دوسرے قید خانوں کی سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے اور بعض قیدیوں کو دوسری جیلوں کو منتقل کیا گیا ہے۔

اس دوران قیدیوں کے اہل خانہ بھی خبر سن کر جیل پہنچے اور انھوں نے حکام سے اپنے لواحقین کے متعلق دریافت کیا لیکن جب انھیں اطمینان بخش معلومات نہیں ملیں تو انھوں نے بھی بطور احتجاج جیل کے باہر راستوں کو بلاک کیا۔

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption قیدیوں کے اہل خانہ بھی جیل پہنچے اور انہوں نے اپنے لواحقین کے متعلق دریافت کیا لیکن جب انہیں اطمنان بخش معلومات نہیں ملیں تو انہوں نے جیل کے باہر راستوں کو بلاک کیا

قیدیوں کے اہل خانہ جیل کی طرف جانا چاہتے تھے لیکن جب انھیں روکا گیا تو ان میں سے بعض نے پتھر پھینکے۔

ادھر حکام کا کہنا ہے کہ اب جیل پر مکمل طور پر قابو پایا جا چکا ہے۔

اسی بارے میں