امریکہ میں شدید طوفان سے تین افراد ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption بگولوں سے لوئی زیانا، مسیسپی اور فلوریڈا میں مکانات اور کاروبار تباہ ہوگئے ہیں

امریکی حکام کے مطابق امریکہ کے جنوبی علاقوں میں منگل کے روز کئی طاقتور بگولوں کی زد میں آ کے تین افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

بگولوں سے لوئی زیانا، مسیسپی اور فلوریڈا میں مکانات اور کاروبار تباہ ہوگئے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ اموات لوئی زیانا اور مسیسپی میں عارضی گھروں (ٹریلر ہوم) کی تباہی کے باعث واقع ہوئی ہیں۔

ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ بدھ کی شام تک طوفانی نظام امریکی ریاستوں الاباما اور جارجیا تک پہنچ سکتا ہے۔

ہنگامی امداد کے اداروں کا کہنا ہے کہ جنوبی لوئی زیانا کے علاقے کان ونٹ کے ٹریلر پارک میں دو افراد ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ 90 فیصد گھر تباہ ہوگئے ہیں۔

لوئی زیانا کے گورنر جان بیل ایڈورڈ کا کہنا ہے کہ ’سفری ٹریلر ہوا میں اوپر اچھلے، کافی فاصلے پر جا گرے، اور تباہ ہوگئے ہیں۔‘

حکومت کا کہنا ہے کہ یہ ایک ’چھوٹا سا معجزہ‘ ہے کہ اموات کی تعداد زیادہ نہیں ہے کیونکہ طوفان کے وقت لوگوں کی زیادہ تعداد ان ٹریلر گھروں کے اندر موجود تھی۔

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ بدھ کی شام تک طوفانی نظام امریکی ریاستوں الاباما اور جارجیا تک پہنچ سکتا ہے

لوئی زیانا میں تقریباً 30 افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جن میں سے زیادہ ترافراد کا تعلق ٹریلر پارک سے ہے۔

امریکہ کے محکمہ موسمیات کے مطابق ایک اور ہلاکت جنوبی مسیسپی کے شہر پُروس میں ہوئی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گرد کا ایک بگولہ شمالی فلوریڈا کے شہر پنساکولا میں بھی دیکھا گیا ہے۔

مقامی زرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ ایک اپارٹمنٹ کمپلیکس کی تین عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا ہے جبکہ علاقے میں ہزاروں لوگ بجلی سے محروم ہیں۔

اسی بارے میں