خواتین کے عملے کے ساتھ دنیا کی طویل ترین پرواز

تصویر کے کاپی رائٹ Air India
Image caption ایئر انڈیا کی پرواز کے لیے بوئنگ سیون ایٹ سیون طیارہ استعمال کیا گیا تھا جو خواتین کے عملے کے ساتھ دنیا کی طویل ترین پرواز تھی

خواتین کے عالمی دن کے موقع پر مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا مگر ہوابازی کے شعبے میں جہاں اب تک خواتین کی موجودگی بہت کم تھی اس بار خواتین کے عالمی دن کو مختلف طریقے سے منایا گیا۔

بھارتی قومی فضائی کمپنی کے صرف خواتین کے عملے نے دارالحکومت نئی دہلی سے امریکی شہر سان فرانسسکو تک پرواز کی۔

پرواز اے آئی 73 کی کپتان کشامتا باجپائی اور سوبھانگی سنگھ تھیں جن کے ساتھ شریک عملے میں شامل پائلٹ، کیبن کا عملہ، چیک ان عملہ، گراؤنڈ پر عملہ، ڈاکٹر سب خواتین تھیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ Air India
Image caption ایئر انڈیا کی اس پرواز کا سارا عملہ خوتین پر مشتمل تھا جس میں ہوائی اڈے پر عملہ بھی شامل تھا

ایئر انڈیا کی پرواز کے لیے بوئنگ سیون ایٹ سیون طیارہ استعمال کیا گیا تھا جو خواتین کے عملے کے ساتھ دنیا کی طویل ترین پرواز تھی۔

یہ پرواز چھ مارچ کو دہلی سے روانہ ہوئی اور اس نے 17 گھنٹوں میں 14,500 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا اور 8 مارچ کو دہلی کے لیے واپس روانہ ہوئی۔

ایئر انڈیا نے اس کے علاوہ دہلی سے سڈنی اور دہلی سے لندن کے روٹ پر بھی صرف خواتین کے عملے پر مشتمل پروازیں روانہ کیں اور درجن سے زائد اندرون ملک پروازوں پر بھی سارا عملہ خواتین پر مشتمل تھا۔

تصویر کے کاپی رائٹ Lufthansa
Image caption فضائی کمپنی لفتھانسا کے زیرِ انتظام فضائی کمپنیوں سوئس، برسلز ایئر لائنز، آسٹریئن ایئرلائنز نے بھی تمام خواتین کے عملے پر مشتمل پروازوں کا اہتمام کیا

اس کے علاوہ فضائی کمپنی لفتھانسا کے زیرِ انتظام فضائی کمپنیوں سوئس، برسلز ایئر لائنز، آسٹریئن ایئرلائنز نے تمام خواتین کے عملے پر مشتمل پروازوں کا اہتمام کیا۔

سوئس فضائی کمپنی سوئس ایئر کی پرواز ایل ایکس 22 پر تمام عملہ خواتین پر مشتمل تھا جو جینیوا سے نیو یارک کے لیے تھی۔

اس پرواز کے لیے ایئر بس A330 طیارہ استعمال کیا گیا۔

لفتھانسا نے اپنے بوئنگ سیون فور سیون طیارے کا انتظام خواتین کے ہاتھ میں دیا جو ایل ایچ 400 پر فرینکفرٹ سے نیو یارک پہنچا۔

تصویر کے کاپی رائٹ Lufthansa
Image caption خواتین کے عملے پر مشتمل لفتھانسا کی پرواز

اس کے علاوہ لفتھانسا نے خواتین عملے کے ساتھ میونخ سے نیو یارک کی پرواز بھی چلائی۔

جبکہ برسلز ایئر لائنز کی پرواز ایس این 501 برسلز سے نیو یارک کپتان لوریٹا فرسٹ آفیسر سارہ کی کپتانی میں چلائی گئی۔

اسی طرح بھارتی فضائی کمپنی جیٹ ایئر ویز نے بھی دو پروازوں کا اہتمام کیا جبکہ سپائس جیٹ نے ایک پرواز کا اہتمام کیا جس کا سارا عملہ خواتین پر مشتمل تھا۔

اسی بارے میں