سارا پیلن کے شوہر حادثے میں زخمی ہوگئے

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption سارا پیلن اور ٹوڈ پیلن کی سنہ 2006 میں لی گئی تصویر

امریکہ میں ریاست الاسکا کی سابق گورنر اور نائب صدر کے عہدے کی سابقہ امیدوار سارا پیلن کے شوہر ٹوڈ پیلن ایک حادثے میں زخمی ہوگئے ہیں۔

وہ الاسکا میں برف پر چلنے والی گاڑی کے حادثے میں زخمی ہوئے ہیں۔

اس حادثے کے باعث سارا پیلن نے ریپبلکن پارٹی کے سنہ 2016 کے انتخابات کے لیے ریپبلکن پارٹی کا امیدوار بننے کے دوڑ میں شامل ڈونلڈ ٹرمپ کی فلوریڈا میں انتخابی مہم میں شمولیت منسوخ کر دی۔

تاہم وہ پیر کو تقریب میں ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت کے لیے آئیں۔

خیال رہے کہ جنوری میں سارا پیلن نے ریپلکن پارٹی کی جانب سے صدارتی امیدوار کی دوڑ میں ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔

ڈونلڈ ٹرمپ کے مہم کاروں کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں سارا پیلن کے شوہر کے ساتھ پیش آنے والے حادثے کو ’برا‘ بیان کیا گیا اور بتایا گیا کہ سارا پیلن ہسپتال میں ہیں۔

خیال رہے کہ سارا پیلن کو الاسکا کے گورنر کا عہدہ سنبھالے ابھی دو سال ہی ہوئے تھے کہ جان میک کین کی جانب سے انھیں اپنا انتخابی ساتھی منتخب کیا گیا تھا۔

انتخابات کے بعد سنہ 2009 میں انھوں نے الاسکا کی گورنرشپ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا اور بطور مصنف اور سیاسی تجزیہ کار اپنے کریئر کا انتخاب کیا تھا۔ تاہم ان کا شمار اب بھی بااثر شخصیات میں ہوتا ہے۔

منگل کو ریپبلکنز اور ڈیموکریٹس فلوریڈا اور اوہائیو سمیت متعدد ریاستوں میں رائے شماری میں حصہ لیں گے۔

اتوار کو انھوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کی دوتقریبات میں شرکت کی تھی۔

ڈونلڈ ٹرمپ کے مہم کاروں کا کہنا ہے کہ ’گورنر پیلن آئندہ ابتدائی انتخاب میں مسٹر ٹرمپ کے لیے بہترین خواہشات کا پیغام دیتی ہیں۔‘

اسی بارے میں