’دولت اسلامیہ نسل کشی کی مرتکب ہوئی ہے‘

تصویر کے کاپی رائٹ .
Image caption جان کیری نے کہا کہ یہ تنظیم شام اور عراق کے علاقوں میں انسانیت کے خلاف جرائم اور نسل کشی کی ذمہ دار ہے

امریکہ کا کہنا ہے کہ اپنے آپ کو دولت اسلامیہ کہلانے والی شدت پسند تنظیم یزیدیوں، عیسائیوں اور شیعہ مسلمانوں کی نسل کشی کی مرتکب ہوئی ہے۔

امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کہا کہ دولت اسلامیہ نے خود نسل کشی کا د عویٰ کیا ہے، اس کے علاوہ وہ نظریاتی اعتبار سے اور اپنے اعمال سے بھی نسل کش ہیں۔

جان کیری نے کہا کہ یہ تنظیم شام اور عراق کے علاقوں میں انسانیت کے خلاف جرائم اور نسل کشی کی ذمہ دار ہے۔

انھوں نے کہا کہ امریکہ اس نتیجے پر مختلف ذرائع سے معلومات ملنے کے بعد پہنچا ہے تاہم انھوں نے اس بارے میں مطلع نہیں کیا کہ اس اعلان کے بعد امریکہ کی مشرق وسطیٰ میں پالیسی میں کوئی تبدیلی ہوگی۔

جان کیری نے کہا ’ان جرائم کا نام لینا اہم ہے لیکن اس سے زیادہ اہم ان کو روکنا ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ دولت اسلامیہ کے عراق میں یزیدی برادری پر حملوں کے بارے میں معلومات ہیں جن میں سینکڑوں مردوں اور لڑکوں کو ہلاک کیا گیا اور ہزاروں خواتین کو اغوا کیا گیا۔

جان کیری نے شمالی عراق، لیبیا اور عراق میں شیعہ افراد کے قتل پر بھی روشنی ڈالی۔

ان کا کہنا تھا کہ ’یہ حقیقت ہے کہ داعش (دولت اسلامیہ) عیسائیوں کو اس لیے قتل کرتی ہے کہ وہ عیسائی ہیں، یزیدیوں کو اس لیے کہ وہ یزیدی ہیں، شعیہ کو شیعہ ہونے کی وجہ ہے۔‘

انھوں نے اعتراف کیا کہ دولت اسلامیہ کے کنٹرول میں علاقوں تک رسائی نہ ہونے کے باعث امریکہ کے پاس دولت اسلامیہ کی جانب سے کیے جانے والے مظالم کی مکمل معلومات نہیں ہیں۔

اسی بارے میں