سابق امیر قطر کی توہین کے الزام میں قید شاعر رہا

تصویر کے کاپی رائٹ
Image caption العجمی کو پہلے سنہ 2012 میں عمر قید سنائی گئی تھی

سنہ 2011 میں قطر کے سابق امیر کی توہین اور ان کی حکومت کا تختہ الٹنے کا مطالبہ کرنے کے جرم میں قید کاٹنے والے شاعر کو رہا کر دیا گیا ہے۔

محمد العجمی کو، جو محمد ابن الذیب کے نام سے بھی پہچانے جاتے ہیں، منگل کی رات ملک کے موجودہ امیر کی جانب سے معاف کیے جانے کے بعد رہا کر دیا گیا۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اس رہائی کو تاخیر سے مگر اچھی خبر قرار دیا ہے۔

العجمی کو پہلے سنہ 2012 میں عمر قید سنائی گئی تھی لیکن سنہ 2013 میں ایک اپیل کے بعد اسے 15 سال قید میں تبدیل کر دیا گیا۔

انسانی حقوق کے لیے سرگرم تنظیموں نے ان کی سزا پر تنقید کرتے ہوئے مقدمے کے دوران بےضابطگیوں کا الزام عائد کیا تھا۔

العجمی کے بھائی نے بتایا کہ انھیں امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کی جانب سے معاف کیے جانے کے فوراً بعد رہا کر دیا گیا۔

انھوں نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ ’انھیں واپس اپنے خاندان کے پاس پہنچنے میں محض چند منٹ لگے اور رواداری اور معافی قطر کے لوگوں خاصیت ہے۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption العجمی پر قطر کے سابق امیر شیخ حمد الثانی کی کی توہین اور ان کی حکومت کا تختہ الٹنے کا مطالبہ کرنے کا الزام تھا

اس معافی کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی اور العجمی کی رہائی کے لیے سرگرم انسانی حقوق کے ایک کارکن علی الحطب نے اسے ایک حیران کن بات قرار دیا ہے۔

علی الحطب کا خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہنا تھا: ’وہ فٹ بال ورلڈ کپ کی میزبانی کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں تو یہ مقدمہ ختم کرنے کے لیے یہ اچھا وقت ہے۔‘

’یہ اہم نہیں کہ اصلی وجہ کیا تھا اور انھیں کیوں رہا کیا گیا۔ ہم شکر گزار ہیں کہ وہ آزاد ہو گئے۔‘

ایمنسٹی انٹرنیشنل کے اہلکار جیمز لینچ کا کہنا تھا ’یہ مضحکہ خیز بات ہے کہ انھیں 4 سال سے زائد عرصے جیل کی سلاخوں کے پیچھے گزارنا پڑا حالانکہ ان کی شاعری ان کے عقائد کا پر امن اظہار تھی۔‘

انھوں نے اپنی نظم میں عرب حکومتوں پر تنقید کی تھی۔

تاہم چار بچوں کے والد العجمی کا کا کہنا تھا کہ ان کا مقصد کسی فرد کے خلاف بات کرنا یا بغاوت کرنا نہیں تھا۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption العجمی کے بھائی نے بتایا کہ انھیں امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کی جانب سے معاف کیے جانے کے فوراً بعد رہا کر دیا گیا