پناہ گزينوں کا بحران: یورپی یونین ایک موقف پر متفق

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption یورپی یونین کے مجوزہ معاہدے میں اس بات پر اتفاق ہوا ہے کہ ترکی سے یونان پہنچنے والے تمام پناہ گزينوں کو ترکی واپس بھیج دیا جائے گا

پناہ گزينوں کے بحران پر ایک حتمی معاہدے تک پہنچنے کی کوشش کے تحت یورپی یونین کے رہنماؤں نے ترکی کو ایک مشترکہ موقف پیش کرنے پر اتفاق کر لیا ہے۔

اس مسئلے پر اہم میٹنگ کے بعد لگزمبرگ کے وزیراعظم زیویئر بیٹلز نے کہا ہے کہ جمعے کی صبح یورپی یونین کے مشترکہ موقف کو ترکی کے وزیراعظم احمد داؤد اوغلو کے سامنے پیش کیا جائے گا۔

یورپی یونین کے مجوزہ معاہدے میں اس بات پر اتفاق ہوا ہے کہ ترکی سے یونان پہنچنے والے تمام پناہ گزينوں کو ترکی واپس بھیج دیا جائے گا۔

اس کے بدلے میں یورپی یونین ترکی کو مالی مدد پیش کرسکتی ہے اور ترک شہریوں کو یورپی ممالک میں ویزا فری داخلے کی اجازت بھی مل جائے گی۔

لیکن ای یو کے اس مشترکہ موقف پر ترکی کا ردِ عمل کیا ہوگا یہ ابھی واضح نہیں ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے کہا ہے کہ تمام پناہ گزينوں کے تحفظ کے لیے ترکی کو عالمی معیار اپنانا ہوگا۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption گذشتہ سال سے اب تک دس لاکھ سے بھی زیادہ پناہ گزین غیرقانونی طور پر یورپ میں داخل ہوئے جن میں سے ایک بڑی تعداد ترکی سے یونان آنے والوں کی ہے

ان کا کہنا تھا کہ اس معاہدے کے تحت ترکی سے پناہ گزینوں کی یورپی ممالک میں باز آبادکاری کا عمل یونان سے پناہ گزینوں کی واپسی کے پہلے مرحلے کے چند روز بعد ہی شروع کیا جا سکتا ہے۔

انگیلا میرکل نے مزید کہا کہ پناہ گزينوں کی ایک بڑی تعداد جمع ہونے کے سبب نظام درہم برہم ہونے سے پہلے ہی یورپی یونین کو یونان سے پناہ گزينوں کو ترکی کو واپس بھیجنے کا عمل تیزي سے شروع کرنا چاہیے۔

لیکن لیتھوانیا کی صدر ڈالیا گریبیسکیٹی نے کہا کہ پناہ گزينوں کو اس طرح یونان سے ترکی واپس بھیجنا عالمی قوانین سے مطابقت نہیں رکھتا اور اس پر عمل کرنا بھی مشکل ہے۔

ترکی کے وزیراعظم احمد داؤد اوغلو کا کہنا ہے کہ وہ کبھی بھی اس بات کو تسلیم نہیں کریں گے کہ ترکی پناہ گزينوں کی کھلی جیل بن جائے۔

فرانس کے صدر فرانسوا اولاند نے بھی اس مشترکہ موقف پر کوئی خاص گرمجوشی نہیں دکھائی۔ ان کہنا تھا کہ ’ہم اس بات کی ضمانت نہیں دے سکتے کہ اس مسئلے کے حل کی کوششوں کے نتائج خوش آئند ہی ہوں گے۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ Getty

پناہ گزینوں سے متعلق مجوزہ منصوبے میں یہ بات کہی گئی ہے کہ ترکی سے یونان پہنچنے والے تمام پناہ گزينوں کو واپس بھیج دیا جائے گا اور ہر واپس بھیجے جانے والے شامی شہری کے بدلے ترکی میں پہلے سے پناہ گزین شامیوں میں سے ایک کی یورپ میں باز آباد کاری کی جائے گی۔

برسلز میں جاری اس اہم اجلاس میں جمعہ کو ترکی کے وزیر اعظم احمد داؤد اوغلو بھی شرکت کرنے والے ہیں۔

گذشتہ سال سے اب تک دس لاکھ سے بھی زیادہ پناہ گزین غیرقانونی طور پر یورپ میں داخل ہوئے جن میں سے ایک بڑی تعداد ترکی سے یونان آنے والوں کی ہے۔

یورپی یونین چاہتی ہے کہ ترکی ان تارکینِ وطن کو واپس لے جو مہاجرین کا درجہ حاصل کرنے کے اہل نہیں ہیں اور ترکی اپنے پانیوں کی حفاظت کے لیے مزید اقدامات کرے۔

اسی بارے میں