پوپ اب انسٹاگرام پر بھی

تصویر کے کاپی رائٹ Getty

کیتھولک عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے ہفتے کے روز تصویروں کا تبادلہ کرنے والی ویب سائٹ انسٹا گرام میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔

ان کے سائن ان کرنے کے ایک گھنٹے کے اندر اندر ان کے فالوورز کی تعداد دس ہزار تک پہنچ گئی۔

یہ تعداد اس لحاظ سے بہت اچھی ہے کہ پوپ نے ابھی تک صرف دو تصاویر شیئر کی ہیں، لیکن یاد رہے کہ دنیا بھر میں رومن کیتھولک عیسائیوں کی تعداد سوا ارب کے قریب ہے۔

پوپ انسٹاگرام پر @Franciscus نام استعمال کر رہے ہیں جو لاطینی میں فرانسس کا متبادل ہے۔

ان کی پہلی تصویر سیلفی نہیں بلکہ ایک ایسی تصویر ہے جس میں وہ دعا مانگتے وقت سر جھکائے ہوئے ہیں۔

تصویر کے عنوان کے طور پر درج ہے: ’میرے لیے دعا کریں۔‘ یہی تحریر آٹھ مختلف زبانوں میں دہرائی گئی ہے۔

یہ اکاؤنٹ پوپ خود استعمال نہیں کریں گے بلکہ ویٹیکن میں دوسرے لوگ اس کی دیکھ بھال کے ذمہ دار ہوں گے۔

پوپ کے لیے سوشل میڈیا نئی چیز نہیں ہے۔ وہ پہلے ہی ٹوئٹر پر موجود ہیں۔ ان کا ہینڈل @Pontifex ہے۔ انھوں اسی ہینڈل کے ذریعے اپنے انسٹاگرام پر آنے کی خبر نشر کی تھی۔

اسی بارے میں