سعودی عرب:بس حادثے میں 19 مصری شہری ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption عمرے کے لیے جانے والے عازمین کی بس کو مدینہ سے مکہ جاتے ہوئے حادثہ پیش آیا

سعودی عرب میں زائرین کی بس کو پیش آنے والے ایک حادثے میں کم از کم 19 مصری شہری ہلاک ہوگئے ہیں۔

مصر کے سرکاری خبر رساں ادارے مینا نے رپورٹ کیا ہے کہ عمرے کے لیے جانے والے عازمین کی بس کو مدینہ سے مکہ جاتے ہوئے حادثہ پیش آیا۔

خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ بس میں 44 مصری شہری سوار تھے۔

مصری حکام کے مطابق سعودی عرب میں موجود سفارتی عملہ صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور مصری شہریوں کی ہرممکن مدد کی جائے گی۔

مصر کے نائب وزیرِ خارجہ ہاشم النقیب کے بقول مرنے والوں میں سے آٹھ کی شناخت ابھی نہیں ہوسکی ہے تاہم سفارتی عملہ اس سلے میں ممکنہ اقدامات کر رہا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ حادثے میں زخمی ہونے والوں کو مختلف ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے اور مصری سفارت خانے کے اہلکار زخمیوں سے رابطے میں ہیں۔

خیال رہے کہ چند روز قبل عمرے کے لیے جانے والی فلسطینی شہریوں کی بس کو بھی اردن سے سعودی عرب جاتے ہوئے حادثہ پیش آیا تھا جس کے نتیجے میں 16 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

اسی بارے میں