متحدہ عرب امارات: عجمان کی رہائشی عمارت میں آتشزدگی

تصویر کے کاپی رائٹ .
Image caption متحدہ عرب امارات میں عجمان دبئی کے شمال میں ہے اور جس عمارت میں یہ واقعہ پیش آیا وہ السوان میں واقع ہے

متحدہ عرب امارات میں پولیس حکام کا کہنا ہے کہ عجمان میں ایک بلند و بالارہائشی عمارت میں آگ بھڑک اٹھنے کا واقعہ پیش آیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے اور متاثرہ عمارت سے تمام رہائشیوں کو محفوط طریقے سے باہر نکال لیا گيا۔

گذشتہ ایک برس سے بھی کم وقفے میں اس خطے میں آگ لگنے کا یہ تیسرا بڑا واقعہ ہے۔

متحدہ عرب امارات میں عجمان دبئی کے شمال میں ہے اور جس عمارت میں یہ واقعہ پیش آیا وہ السوان میں واقع ہے۔

پیر کی رات کو عجمان ون کمپلیکس میں یہ واقعہ پیش آیا جہاں 12 اونچی عمارتیں ہیں اور جس میں مجموعی طور پر 3000 اپارٹمنٹ ہیں۔

پولیس نے اس واقعے کی جو ویڈیو ٹوئٹر پر پوسٹ کی ہے اس میں عمارت کے ایک جانب سے اتنے اونچے شعلے اٹھتے دیکھے جا سکتے ہیں جو دوسری منزلوں تک پہنچ رہے ہیں۔

Image caption نئے سال کے موقع پر دبئی کے مرکز میں واقع 63 منزلہ ہوٹل میں آگ لگ گئی تھی

متحدہ عرب امارت میں اس برس عمارتوں میں آگ لگنے کا یہ تیسرا واقعہ ہے۔ نئے سال کے موقع پر دبئی کے مرکز میں واقع 63 منزلہ ہوٹل میں آگ لگ گئی تھی۔

اس پر تقریباً 20 گھنٹوں کے بعد قابو پایا جا سکا تھا اور پولیس کے مطابق اس میں تقریباً 16 افراد زخمی بھی ہوگئے تھے۔

بعد میں اس کی تفتیش سے پتہ چلا تھا کہ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے اس میں آگ لگی تھی۔

تفتیش کے بعد پولیس نے عمارت میں پائی جانے والی بعض خامیوں کی بھی نشاندہی کی تھی اور کہا تھا کہ اس میں بعض غیر معیاری اشیا کا استعمال ہوا ہے۔

فروری 2015 میں بھی آگ لگنے کے سبب دبئی کی ٹارچ نامی فلک بوس عمارت بری طرح سے متاثر ہوئی تھی جو دنیا کی بلد ترین عمارتوں میں سے ایک ہے۔

اسی بارے میں