’شمالی کوریا پانچویں جوہری تجربے کی تیاری کر رہا ہے‘

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption اگر اس طرح کا کوئی نیا جوہری تجربہ کیا گيا تو اس پر اقوام متحدہ کی جانب سے عائد پابندیوں کی یہ صریحا خلاف ورزی ہوگي

جنوبی کوریا کی صدر پارک گن ہے کے مطابق ان کے ملک کو ایسے اشارے ملے ہیں کہ شمالی کوریا پانچویں جوہری تجربے کی تیاری کر رہا ہے

یون ہیپ نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ جنوبی کوریا کی صدر نے اس بات کی وضاحت نہیں کہ وہ کیا علامات تھیں جن سے جوہری تجربے کی تیاری کا پتہ چلتا ہے لیکن انھوں نے اپنے ملک کی فوج کو تیار رہنے کا حکم دیا ہے۔

مقامی ذرائع ابلاغ نے شمالی کوریا کے پونگیری جوہری پلانٹ میں زبردست نقل و حرکت کی اطلاعات دی تھیں جس کے بعد اس طرح کی تنبیہ جاری کی گئی ہے۔

یون ہیپ نیوز ایجنسی نے گن ہے کے حوالے سے کہا ہے کہ ’ہم اس حالت میں ہیں، جس میں ہمیں یہ نہیں معلوم کہ کیا شمالی کوریا اپنے آپ کو الگ تھلگ محسوس کرنے کی صورت میں اپنی داخلی حالت کو مضبوط کرنے کی غرض سے کوئي اشتعال انگیز قدم اٹھا سکتا ہے۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ KCNA
Image caption مبصرین کہتے رہے ہیں کہ مئی میں پیانگ یانگ میں کانگریس کارکنان کے اجلاس سے قبل شمالی کوریا ایک اور جوہری تجربہ کر سکتا ہے

ماضی میں بھی شمالی کوریا کے اسی پلانٹ سے نیوکلیئر تجربات کیے گئے تھے اور اگر اس طرح کا کوئی نیا تجربہ کیا گيا تو اس پر اقوام متحدہ کی جانب سے عائد پابندیوں کی یہ صریحاً خلاف ورزی ہوگي۔

گذشتہ جنوری میں شمالی کوریا نے چوتھی بار جوہری تجربہ کیا تھا اس کے ایک ماہ بعد اس نے ایک راکٹ لانچ کیا تھا جس سے علاقے میں پہلے سے موجود کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔

مبصرین کہتے رہے ہیں کہ مئی میں پیانگ یانگ میں کانگریس کارکنان کے اجلاس سے قبل شمالی کوریا ایک اور جوہری تجربہ کر سکتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا نے حالیہ برسوں میں جوہری ہتھیاروں کی تیاری میں کچھ پیش رفت تو کی ہے لیکن ابھی تک اس کے پاس وہ تکنیکی صلاحیت نہیں کہ وہ جوہری ہتھیار کو انٹرنیشنل میزائل پر کامیابی سے نصب کر سکے۔

اسی بارے میں