دو سالہ بچے نے ماں کو گولی مار دی

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption امریکہ میں فائرنگ کے واقعات میں ہلاکتوں کی خبریں اکثر سامنے آتی ہیں

امریکی ریاست وسکانسن کے شہر مِلواکی میں ایک دو سالہ بچے نے حادثاتی طور پر اپنی ماں کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔

ہلاک ہونے والی خاتون پیٹرس پرائس کے والد اینڈری کے مطابق ان کی بیٹی اپنے ساتھی کی گاڑی چلا رہی تھی جو سکیورٹی گارڈ تھا اور اس کا پستول گاڑی کی پچھلی نشست پر رہ گیا تھا۔

انھوں نے بتایا کہ پیٹرس پرائس کے کار میں بیٹھے دو سالہ بیٹے کو یہ پستول مل گیا اور اس سے حادثاتی طور پر چل گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقامی شاہراہ پر گاڑی چلاتے ہوئے پیٹرس پرائس کو پشت پر ایک گولی لگی۔

پولیس کے مطابق گاڑی میں پرائس کی والدہ اور ان کا ایک برس کا دوسرا بیٹا بھی موجود تھا۔

پرائس کے والد کے مطابق پرائس کی ایک بڑی بیٹی بھی تھی۔

’اب وہ میرے پاس نہیں ہے، میں تکلیف میں ہوں، میں اپنی بیٹی کو دوبارہ نہیں دیکھ سکوں گا، میں آخری بار اپنی بیٹی کو تھامنا چاہتا ہوں۔‘

گذشتہ ماہ فلوریڈا میں بھی اس نوعیت کا ایک واقعہ پیش آیا تھا جس میں چار سالہ بچے نے اپنی ماں کو گولی مار دی تھی۔

حکام کے مطابق گاڑی کی سیٹ کے نیچے رکھا پستول سرک کر کے پیچھے چلا گیا اور وہاں بیٹھے بچے نے بیلٹ کھول کر اسے پکڑ لیا اور اس سے گولی چل گئی۔ اس حادثے میں خاتون کی جان بچ گئی تھی۔

اسی بارے میں