’یہودی مخالف کلمات کا دفاع‘، لندن کے سابق میئر معطل

کین لوِنگسٹن تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption کین لوِنگسٹن کہتے ہیں کہ اسرائیل پر تنقید کو یہودیوں کے خلاف کلمات نہیں سمجھنا چاہیے

برطانیہ کی لیبر پارٹی نے لندن کے سابق میئر کین لِوینگسٹن کو ایک ممبر پارلیمان کی طرف سے ادا کیے گئے مبینہ یہودیوں کے مخالف کلمات کا دفاع کرنے پر لیبر پارٹی سے معطل کر دیا ہے۔

لندن کے سابق میئر کے خلاف لیبر پارٹی کو بدنام کرنے کے الزام میں تحقیقات کی جائیں گی۔

لیبر ایم پی جان مان جنھوں نے بی بی سی سٹوڈیو کے سامنے سابق میئر پر ’نازیوں کے حمایتی‘ ہونے کا الزام لگایا تھا ان کو بھی سرزنش کا سامنا ہے۔

لیبر پارٹی کی طرف سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پارٹی کے چیف وہپ نے جان مان کے رویے پر بات کرنے کے لیے انھیں بلایا ہے۔

اس سے قبل برطانیہ کی لیبر پارٹی کے لندن کے میئر کے امیدوار صادق خان نے بھی کہا تھا کہ کین لِوینگسٹن کو ان کے بیان پر لیبر پارٹی سے نکال دینا چاہیے۔

لندن کے میئر کے امیدوار اور کئی دیگر لیبر پارٹی کے ممبر پارلیمان نے کین لوِینگسٹن کے پارٹی سے نکالے جانے کی حمایت کی ہے۔

تاہم لوِینگسٹن اپنے بیان پر قائم ہیں اور کہتے ہیں کہ ایم پی ناز شاہ یہود دشمن نہیں ہیں۔

انھوں نے اسرائیلی حکومت پر تنقید کو یہودی دشمنی سے تعبیر کرنے کے بارے میں خبردار کیا۔

لیبر ایم پی جان مان نے سابق میئر پر ’نازیوں کے حمایتی‘ ہونے کا الزام لگایا تھا۔

ناز شاہ کو ایم پی بننے سے پہلے فیس بک پر ایک بیان جاری کرنے کی وجہ سے لیبر پارٹی سے معطل کیا گیا ہے اور ان کے خلاف انکوائری جاری ہے۔ ناز شاہ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ اسرائیل کو امریکہ منتقل کر دینا چاہیے۔

انھوں نے اپنے بیان پر معافی مانگی ہے۔ لیکن اس کے بعد لیبر پارٹی کے سینیئر اراکین میں ایک بحث چھڑ گئی ہے کہ پارٹی اپنے اندر بڑھتے ہوئے یہودی مخالف جذبات کو روکنے کے لیے کچھ زیادہ نہیں کر رہی۔

اسی بارے میں