شام: امدادی ہسپتال پر حملے میں 14 افراد ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption شام میں جنگ بندی کے باوجود حالیہ دنوں میں تشدد میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے

عالمی امدادی تنظیم میدساں ساں فرنتیئر (ایم ایس ایف) کا کہنا ہے کہ شام کے شہر حلب کے ایک ہسپتال پر ہونے والے ایک فضائی حملے میں کم سے کم 17 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

ایم ایس ایف کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 14 مریض اور تین ڈاکٹر شامل ہیں۔

عالمی تنظیم کے مطابق اس کے زیرِ انتظام چلنے والے القدس ہسپتال میں ہونے والی ہلاکتوں میں حلب شہر کے ایک ماہر امراض بچگان بھی شامل ہے۔

٭ امریکہ اور روس شام میں امن مذاکرت کو بچائیں: اقوام متحدہ

٭ ’شام کے شہر داریا میں صورت حال ابتر‘

٭ ادلب میں ’شامی فوج کی بمباری‘ سے 44 افراد ہلاک

حلب کے مقامی ذرائع نے اس حملے کا الزام شامی حکومت یا روسی جنگی طیاروں پر عائد کیا ہے تاہم اس بارے میں کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا۔

شام کے حالات پر نظر رکھنے والے افراد کا کہنا ہے کہ جمعرات کو حلب کے ہسپتال پر ہونے والے حملے میں کم سے کم 34 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے ہیں۔

خیال رہے کہ شام میں جنگ بندی کے باوجود حالیہ دنوں میں تشدد میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کی ایک ممکنہ وجہ وہ اطلاعات ہیں کہ شامی حکومت جسے روس کی فضائی طاقت حاصل ہے، حلب پر ایک بڑے حملے کی تیاری کر رہی ہے۔

شام میں جاری حالیہ تشدد کے بعد اقوامِ متحدہ کے زیرِ اہتمام فروری میں ہونے والا جنگ بندی کا معاہدہ خطرے میں پڑ گیا ہے۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی برائے شام نے بدھ کو امریکہ اور روس دونوں پر زور دیا تھا کہ وہ امن مذاکرات کو بچانے کے لیے فوری طور پر ’انتہائی اعلیٰ سطح‘ پر مداخلت کریں۔

ایم ایس ایف کی جانب سے کی جانے والی ایک ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ شام کے شہر حلب میں تنظیم کا ہسپتال فضائی حملے میں تباہ ہو گیا ہے اور اس میں کم سے کم 14 افراد ہلاک ہو گئے۔ ٹویٹ کے مطابق ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

عالمی امدادی تنظیم کا کہنا ہے کہ القدس ہسپتال مقامی طور پر بہت مشہور تھا اور اس پر بدھ کو براہِ راست فضائی حملہ کیا گیا۔

ایم ایس ایف نے القدس ہسپتال کو فضائی حملے میں تباہ کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے عام افراد کو صحت کی ضروری سہولیات فراہم کی جا رہی تھیں۔

موقعے پر موجود ایک امدادی کارکن زہیر نے بی بی سی کو بتایا کہ القدس ہسپتال کی ایک عمارت کو بھی فضائی حملے میں نقصان پہنچا ہے۔

امدادی کارکن کے مطابق اس فضائی حملے میں دو روسی راکٹ استعمال کیے گئے۔

امدادی کارکن کا مزید کہنا تھا: ’القدس ہسپتال کے نزدیک ایک پانچ منزلہ عمارت گری ہے اور ہمیں معلوم نہیں ہے کہ عمارت کے ملبے کے نیچے آ کر کتنے افراد ہلاک ہوئے ہیں۔‘

شہری دفاع کے محکمے کا کہنا ہے کہ القدس ہسپتال کے نزدیک عمارتوں پر لگا تار چار فضائی حملے کیے گئے۔

سیرین آبزویٹری گروپ کے سربراہ رامی عبدالرحمان کے مطابق حملے میں ہلاک ہونے والوں میں ایک ماہر امراض بچگان شامل ہیں جن کا نام وسیم محاذ ہے۔

Image caption شہری دفاع کے محکمے کا کہنا ہے کہ القدس ہسپتال کے نزدیک عمارتوں پر لگا تار چار فضائی حملے کیے گئے

شام کی سرکاری نیوز ایجنسی سانا نے اس حملے کی کوئی خبر نہیں دی تاہم اس کا کہنا ہے کہ باغیوں کی شیلنگ سے حکومت کے زیرِ انتظام علاقوں میں کم سے کم چار افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

سانا کے مطابق جمعرات کو ہونے والی شیلنگ میں کم سے کم چار افراد زخمی ہوئے۔

اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی برائے شام سٹیفن ڈی مستورا نے سلامتی کونسل کو امن عمل کی ناکامی کے حوالے سے بریفنگ کے بعد کہا کہفروری میں ہونے والا معاہدہ ’بمشکل زندہ‘ہے۔

اسی بارے میں