فی الحال ٹرمپ کی حمایت نہیں کرسکتا: امریکی سپیکر پال ریان

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption امریکہ میں ایسی چہ مگوئیاں بھی جاری ہیں کہ خود پال ریان آخری لمحے صدارتی امیدوار کے طور پر پیش ہو جائیں گے

امریکہ میں ایوان کے سپیکر پال ریان نے کہا ہے کہ وہ ابھی ریپبلیکن امیدوار کے طور پر ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت نہیں کر سکتے۔

ریان اس وقت امریکہ میں سب سے اعلی عہدے پر فائز ریپبلکن ہیں۔ انھوں نے ٹرمپ سے کہا ہے کہ وہ اپنے مقاصد کو بلند کریں۔

* ’خارجہ پالیسی کا بڑا ہدف انتہا پسند اسلام کو روکنا ہے‘

* ڈونلڈ ٹرمپ اپنا تاثر بدلنے کی کوشش کریں گے

ان کا کہنا تھا کہ ٹرمپ امیدوار بننے کے حق دار ہیں لیکن انھیں پارٹی کو متحد کرنے کے لیے مزید کوششیں کرنی ہوں گی۔

اس سے قبل سابق امریکی صدور جارج ڈبلیو بش اور جارج ایچ ڈبلیو بش نے کہا تھا کہ وہ ممکنہ متنازع امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت نہیں کریں گے۔

سپیکر پال ریاب نے سی این این سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’میرا خیال ہے کہ زیادہ تر ریپبلکنز ایک معیاری برداشت کرنے والا چاہتے ہیں جو ہمارے معیاروں کو برداشت کرے۔‘

پال ریان سنہ 2012 میں مٹ رومنی کے ہمراہ نائب صدر کے لیے نامزد ہوئے تھے۔

امریکہ میں ایسی چہ مگوئیاں بھی جاری ہیں کہ خود پال ریان آخری لمحے صدارتی امیدوار کے طور پر پیش ہو جائیں گے تاہم وہ ان دعوؤں کی تردید کرتے رہے ہیں۔

سینیئر ریپلکنز اہلکار ڈونلڈ ٹرمپ کے بطور امیدوار نام پر منقتسم ہیں۔ اب تک سات اہم اہلکار ان کے حق میں ہیں پانچ ان کی مخالفت میں ہیں جبکہ چار نے ابھی تک کسی رائے کا اظہار نہیں کیا۔

دسمبر 2015 میں پال ریان نے ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مسلمانوں کے امریکہ مںی داخلہ پر پابندی کے بیان پر تنقید کی تھی۔

مٹ رومنی سمیت کئی اعلی ریپبلکنز نے ڈونلڈ ٹرمپ کے بطور امیدوار نامزدگی پر اعتراض کیا تھا۔

اسی بارے میں