افغانستان اور نائجیریا ’زبردست‘ کرپٹ: ڈیوڈ کیمرون

برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے ملکہ سے اپنی گفتگو میں افغانستان اور نائجیریا کو دو زبردست کرپٹ یا بدعنوان ملک قرار دیا ہے۔

برطانیہ میں آئندہ چند دنوں میں انسداد بدعنوانی کے لیے سربراہی کانفرنس سے متعلق برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون ملکہ سے بات چیت کر رہے تھے۔

یہ واضح نہیں ہے کہ ڈیوڈ کیمرون کو یہ احساس تھا کہ ان یہ گفتگو ریکارڈ کی جا رہی ہے ۔

ڈیوڈ کیمرون نے کہا کہ ’کچھ رہنما زبردست کرپٹ ملکوں سے برطانیہ آ رہے ہیں۔۔نائجیریا اور افغانستان ممکنہ طور پر دنیا کہ دو سب سے کرپٹ ملکوں کے۔‘

اس موقعے پر موجود کینٹبری کے آرچ بشپ جسٹن ویلبے نے کہا لیکن یہ صدر کرپٹ نہیں ہیں اور وہ اپنی پوری کوشش کر رہے ہیں۔ وہیں موجود سپیکر جان برکو نے کہا کہ ان کا خیال ہے کہ وہ اپنے خرچے پر برطانیہ آ رہے ہیں۔

برطانوی حکومت جمعرات کو دنیا کے چالیس ملکوں سے تعلق رکھنے والے سربراہوں اور سرکردہ تجارتی شخصیات کی میزبانی کرے گی جو عالمی سطح پر کرپشن کا خاتمہ کرنے کے لیے بین الاقوامی کوششوں کو تیز تر کرنے کے مقصد سے ہونے والی کانفرنس میں شرکت کرنے کے لیے آ رہے ہیں۔

عالمی تنظیم ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی سنہ 2015 کی کرپشن کی فہرست میں افغانستان صرف صومالیہ اور شمالی کوریا سے بہتر ہے۔

.

اسی بارے میں