پانچ جڑواں بچوں کی تصاویر جاری

تصویر کے کاپی رائٹ Other

پانچ توام بچوں کو جنم دینے والی ایک آسٹریلوی خاتون نے اپنے بچوں کے ساتھ اپنی تصاویر جاری کی ہیں۔

آسٹریلوی شہر پرتھ کی رہائشی 26 سالہ کِم ٹوچی نے محض دو منٹ میں چار بیٹیوں اور ایک بیٹے کو جنم دیا۔

یہ بچے آپریشن سے پیدا ہوئے ہیں جس کے لیے 50 ڈاکٹروں اور نرسوں پر مشتمل ٹیم موجود تھی۔ پانچوں بچے صحت مند ہیں۔

واضح رہے کہ ساڑھے پانچ کروڑ خواتین میں سے صرف ایک عورت پانچ توام بچوں کے ساتھ حاملہ ہوتی ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Other

کِم ٹوچی کو اپنے فیس بک پیج ’سرپرائزڈ بائی فائیو‘ سے اس وقت شہرت ملی جب انھوں نے دوران حمل پوسٹ کرنا شروع کیں۔

مقامی کمپنی ایرن الزبتھ فوٹوگرافی نے ٹوچی کی دوران حمل تصاویر بنائی تھیں اور اب اسی کمپنی نے ماں اور پانچ بچوں کی اکٹھی تصاویر کھینچی ہیں۔

کِم ٹوچی کا کہنا ہے کہ وہ ہر ہفتے 350 نیپیز تبدیل کرتی ہیں۔ اپنے بچوں کے ساتھ تصویر فیس بک پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا: ’50 انگلیاں، 50 پیروں کی انگلیاں، چھ دل ایک ساتھ دھڑک رہے ہیں۔ میرے جسم نے ان بچوں کو اس دنیا میں بحفاظت لانے کے لیے سخت ترین جنگ لڑی۔ میں نے جو کچھ کیا ان کے لیے کیا۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ Other

آسٹریلیا کے حالات حاضرہ کے پروگرام 60 منٹس میں اپریل میں دیے جانے والے انٹرویو میں ٹوچی نے کہا کہ دوران حمل ان کو ایسا محسوس ہوا تھا جیسے ان کا جسم جواب دیتا جا رہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ان کی اور بچوں کی جان کو خطرے کے پیشِ نظر ڈاکٹروں نے ان کو پہلے مشورہ دیا تھا کہ دو بچوں کو بچا کر باقی تین کو ضائع کر دیا جائے۔

’کسی کے وہم و گمان میں بھی نہ تھا کہ میں ان بچوں کو جنم دے پاؤں گی اور میں نے ایسا کیا۔‘

ٹوچی اور ان کے شوہر ووگن کے اس سے قبل ایک بیٹا اور دو بیٹیاں ہیں۔

ٹوچی اس وقت ایک ایسی وین خریدنے کے لیے رقم جمع کرنے کی کوشش کر رہی ہیں جس میں پورا خاندان سما سکے۔

اسی بارے میں