صادق خان کو امریکہ آنے کی اجازت ہو گی: ڈونلڈ ٹرمپ

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption مسٹر ٹرمپ نے لندن کے نو منتخب میئر کے خدشات پر انھیں اپنی تجویز سے مستثنی قرار دیا

امریکہ میں رپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار بننے کے خواہشمند ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ لندن کے نومنتخب میئر امریکہ میں مسلمانوں کے داخلے پر ان کی مجوزہ پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔

اپنے عقیدے کے سبب لندن کے نو منتخب ميئر صادق خان نے اپنے خدشات کا اظہار کیا تھا کہ اگر ٹرمپ امریکہ کے صدر بن جاتے ہیں تو وہ امریکہ نہیں جا سکیں گے۔

گذشتہ سال پیرس میں حملوں کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ تجویز پیش کی تھی کہ مسلمانوں کا امریکہ میں داخلہ بند کر دیا جائے۔

رپبلکن تاجر نے کہا کہ ’ہر چیز میں استثنیٰ ہوتا ہے۔‘

برطانیہ کی دارالحکومت لندن کے نو منتخب میئر صادق خان نے ڈانلڈ ٹرمپ کی جانب سے اس پیشکش کو مسترد کر دیا ہے کہ امریکہ میں مسلمانوں کے داخلے پر ان کی مجوزہ پابندی سے وہ مستثنیٰ ہوں گے۔

لندن کے مسلمان میئر صادق خان نے کہا کہ: ’یہ صرف میری حد تک نہیں ہے۔ یہ میرے دوست، خاندان اور دنیا بھر میں ان سب لوگوں کے بارے میں ہے جو مجھ سے ملتے جلتے پس منظر سے تعلق رکھتے ہیں۔‘

صادق خان نے یہ بھی کہا کہ امریکہ میں رپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار بننے کے خواہشمند ڈونلڈ ٹرمپ کے اسلام کے بارے میں گمراہ کن خیالات دونوں ممالک کو کم محفوظ بنا سکتے ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا: ’میں خوش ہوں کہ صادق خان لندن کی سربراہی کریں گے۔ اگر وہ اچھا کام کرتے ہیں اور صاف طور پر کہوں کہ اگر وہ بڑا کام کرتے ہیں تو یہ بڑی بات ہوگی۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption پیرس حملوں کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے مسلمانوں کی امریکہ میں داخلے پر پابندی کی بات کہی تھی

خیال رہے کہ پاکستان سے ترک وطن کرنے والے کے بیٹے صادق خان لندن کے پہلے مسلمان میئر ہیں۔

لیبر پارٹی کے صادق خان نے زیک گولڈسمتھ کو شکست دی۔ انھیں 13 لاکھ دس ہزار 143 ووٹ ملے جبکہ ان کے مخالف ٹوری پارٹی کے زیک گولڈسمتھ کو نو لاکھ 94 ہزار 614 ووٹ ملے۔

صادق خان نے ٹائم ميگزن سے بات کرتے ہوئے کہا تھا: ’میں امریکہ جانا چاہتا ہوں اور امریکہ کے میئروں سے ملاقات کرنا چاہتا ہوں لیکن اگر ڈونلڈ ٹرمپ صدر بن جاتے ہیں تو مجھے میرے عقیدے کی وجہ سے وہاں جانے سے روک دیا جائے گا۔‘

انھوں نے کہا: ’مجھے امید ہے ڈونلڈ ٹرمپ کی سیاست امریکہ پر حاوی نہیں ہوگي۔‘

اسی بارے میں