ماسکو میں قبرستان کی نوکریوں پر جھگڑے میں تین ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption پولیس کو جھگڑا روکنے کے لیے ہوا میں فائرنگ بھی کرنا پڑی

روس کے دارالحکومت ماسکو میں ایک قبرستان میں ہونے والے جھگڑے میں تین افراد ہلاک اور 23 زخمی ہو گئے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جھگڑا بظاہر ملازمتوں کے مسئلے پر ہوا ہے۔

روسی ذرائع ابلاغ کے مطابق شہر کے جنوب مغرب میں واقع خونسکوئے قبرستان میں ہونے والے جھگڑے میں دو سو کے قریب افراد شامل تھے۔

پولیس کے مطابق جھگڑے کے بعد جب لوگوں نے وہاں سے بھاگنے کی کوشش کی تو دو افراد ایک کار تلے کچلنے سے مارے گئے۔

تصویر کے کاپی رائٹ epa
Image caption جھگڑے میں اسلحے کا استعمال بھی کیا گیا

پولیس کا کہنا ہے کہ ایک کار میں پستول سے مسلح تین افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔

روسی ذرائع ابلاغ کے مطابق جھگڑے میں فائرنگ کی گئی اور اس کے علاوہ بیلچوں، لوہے کی سلاخوں، بیس بال کے بلوں کا استعمال کیا گیا۔

پولیس نے جھگڑے میں شامل 90 افراد کو گرفتار کیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق پولیس اہلکاروں نے جھگڑے کو روکنے کے لیے ہوا میں فائرنگ کی۔

تصویر کے کاپی رائٹ EPA
Image caption پولیس نے نوے افراد کو حراست میں لیا ہے

پولیس کے خیال میں جھگڑا ملازمین کے دوگروہوں میں قبرستان کی حدود طے کرنے کے معاملے پر ہوا کیونکہ قبرستان میں آخری رسومات کے کاروبار میں کافی آمدن ہے۔

اطلاعات کے مطابق جھگڑا وسطیٰ ایشیا کی ریاستوں اور داغستان سے تعلق رکھنے والے ملازموں کے درمیان ہوا۔

ماسکو کے جنوب مغرب میں واقع یہ قبرستان پانچ سو ایکٹر پر پھیلا ہوا ہے۔

اسی بارے میں