برازیل میں نوجوان لڑکی سےگینگ ریپ کے ملزمان کی تلاش

تصویر کے کاپی رائٹ Getty

برازیل میں پولیس ریو ڈی جنیرو میں ایک نوجوان لڑکی کا مبینہ طور پرگینگ ریپ کرنے اور بعد میں اس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر جاری کرنے والے 30 مشتبہ افراد کو تلاش کر رہی ہے۔

اطلاعت کے مطابق یہ لڑکی سنیچر کو اپنے بوائے فرینڈ کے گھر گئی تھیں تاہم بعد میں جب ان کو ہوش آیا تو انھیں بہت سے افراد نےگھیرا ہوا تھا۔

ریپ کے اس واقعے کے بعد گرفتاری کے ورانٹ جاری کیے گئے جن میں لڑکی کے بوائے فرینڈ کا نام بھی شامل ہے۔

اس حملے کے بعد ایک آن لائن مہم کا آغاز ہوا جسے ’کلچر آف ریپ ان برازیل‘ کا نام دیا گیا ہے۔

ریپ کے اس واقعے کے حوالے سے متضاد باتیں سامنے آ رہی ہیں لیکن اطلاعات کے مطابق یہ نوجوان لڑکی مغربی ریو کی ایک غریب آبادی میں اپنے بوائے فرینڈ کے گھر گئی تھیں جہاں ان پر یہ حملہ ہوا۔

اطلاعات کے مطابق پولیس کو دیے اپنے بیان میں انھوں نے بتایا کہ جب اتوار کے روز ان کی آنکھ کھلی تو وہ برہنہ اور زخمی تھیں۔ وہاں سے پھر وہ اپنے گھر آگئیں۔

چند دن بعد انھیں معلوم ہوا کے مبینہ طور پر ریپ کرنے والوں نے اس حملے کی تصاویر ٹوئیٹر پر شائع کر دی ہیں۔

ایک 40 سکینڈ کی ویڈیو بھی جاری کی گئی جسے بڑے پیمانے پر شیئر کیا گیا اور اس پر خواتین مخالف تبصرے بھی کیے گئے۔ تاہم بعد میں اس اکاؤنٹ کو بند کر دیا گیا۔

اس حملے کے خلاف مہم کا آغاز کرنے والوں نے آئندہ دنوں میں احتجاج کی کال بھی دے رکھی ہے۔

اسی بارے میں