بچے کو بچانے کے لیے گوریلا کو گولی مار دی

اپ کی ڈیوائس پر پلے بیک سپورٹ دستیاب نہیں

امریکی شہر سنسناٹی کے چڑیا گھر کے حکام کے مطابق انھوں نے ایک چار سالہ بچے کو بچانے کے لیے گوریلا کو گولی مار کر ہلاک کر دیا ہے۔

بچہ سنیچر کو ایک رکاوٹ پر چڑھتے ہوئے گوریلا کے احاطے میں خندق میں گر گیا تھا جہاں گوریلا نے اسے پکڑ لیا اور گھسیٹ کر لے گیا۔

حکام نے کہا کہ انھوں نے 180 کلوگرام کے گوریلا کو اس وقت گولی مار دی جب ’حالات قابو سے باہر ہو گئے اور بچے کی جان کو خطرہ لاحق ہو گیا۔‘

امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ بچہ گوریلا کے پکڑنے سے آنے والی چوٹوں سے جانبر ہو جائے گا۔

تصویر کے کاپی رائٹ
Image caption نر گوریلا ہرامبے ٹیکسس میں پیدا ہوا تھا اور اسے سنہ 2014 میں سنسناٹی منتقل کیا گیا تھا

گذشتہ ہفتے چلی کے چڑیا گھر میں دو شیروں کو اس وقت گولی مار کر ہلاک کر دیا جب ایک شخص ان کے جنگلے میں بظاہر خودکشی کی نیت سے داخل ہو گیا تھا۔

سنیچر کو ہونے والے واقعے کے بعد سنسناٹی کے چڑیا گھر میں گوریلا والے حصے کو نمائش کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

بچہ تقریباً دس فٹ کے گڑھے میں گر گیا تھا اور ویڈیو میں بچے کو اس گڑھے سے کھینچ کر لے جائے جانے کے مناظر دیکھے جا سکتے ہیں۔ اس کے بعد گوریلا ٹھہرتا ہے اور بچے کی جانب دیکھتا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Edwin Giesbers NPL
Image caption سنسناٹی کے چڑیا گھر میں ہرامبے کی نسل کے سب سے زیادہ گوریلے ہیں

لیکن یہ کہا گیا ہے کہ 17 سالہ گوریلے ’ہرامبی‘ نے بچے کو تقریباً دس منٹ تک کھینچا ہے۔

بچے کو ایک مقامی ہسپتال میں لے جایا گیا ہے۔

چڑیا گھر کے ڈائریکٹر نے کہا: ’حکام کو ایک مشکل فیصلہ کرنا پڑا لیکن انھوں نے درست فیصلہ کیا اور بچے کی جان بچائی۔ نہیں تو بہت برا ہو سکتا تھا۔‘

انھوں نے کہا کہ بے ہوشی کے انجکشن سے کام نہیں چلتا کیونکہ اس کا اثر جلدی نہیں ہوتا۔

انھوں نے کہا کہ بچے پر حملہ نہیں کیا گیا تھا لیکن ’وہ یقینی طور پر خطرے میں تھا۔‘

انھوں نے کہا کہ اس احاطے میں دو مادہ گوریلائیں بھی تھیں لیکن وہ بچے کے پاس نہیں آئیں۔

نر گوریلا ہرامبی ٹیکسس میں پیدا ہوا تھا اور اسے سنہ 2014 میں سنسناٹی منتقل کیا گیا تھا جہاں اسے افزائش نسل کے پروگرام کے تحت لایا گیا تھا۔

اسی بارے میں