مگرمچھ کا حملہ: آسٹریلوی خاتون کی ہلاکت کا خدشہ

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption آسٹریلین براڈکاسٹنگ کارپوریشن کے مطابق اس قسم کا مہلک حملہ اس سے قبل سنہ 2009 میں ہوا تھا

آسٹریلیا کے ڈینٹری نیشنل پارک میں مگر مچھ کے حملے میںشبہہ ہے کہ ایک خاتون ہلاک ہو گئی ہیں۔

46 سالہ آسٹریلوی خاتون کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ اپنے ایک دوست کے ساتھ اتوار کی شام شمالی کوئنسلینڈ میں کارنز کے قریب تھورنٹن ساحل پر تیراکی کے لیے گئی تھیں۔

میڈیا کے مطابق جب وہ کمر بھر پانی میں تھیں مگر مچھ نے ان پر حملہ کر دیا۔

آسٹریلین براڈکاسٹنگ کارپوریشن کے مطابق اس قسم کا مہلک حملہ اس سے قبل سنہ 2009 میں ہوا تھا۔

پولیس ترجمان رسل پارکر نے کہا: ’خاتون کے ساتھ جو کچھ ہوا اس پر ہمیں بہت دکھ ہے۔ ان کے 47 سالہ دوست نے انھیں پکڑ کر، کھینچ کر محفوظ مقام پر لانے کی کوشش کی لیکن وہ ایسا نہیں کر سکے۔‘

’اس کے بعد ان کے دوست نے بھاگ کر ایک قریبی دکان پر پہنچ کر لوگوں کو خطرے سے آگاہ کیا اور تب پولیس اور دوسرے حکام کو ہدایات ملیں۔‘

پولیس کے ترجمان نے بتایا: ’وہ ساحل پر چہل قدمی کر رہے تھے۔ پھر انھوں نے تھورنٹن کے ساحل پر صاف سہانی رات میں کمر بھر پانی میں سوئمنگ کرنے کا فیصلہ کیا لیکن انھیں واضح طور پر خطرے کا اندازہ نہیں تھا۔‘

نائن نیوز نے عینی شاہدین کے حوالے سے بتایا کہ انھوں نے خاتون کی چیخ سنی تھی جو کہ رہی تھیں ’مگر مچھ نے پکڑ لیا، مگرمچھ نے مجھے پکڑ لیا۔‘

گم شدہ خاتون کی پیر کی صبح پھر سے تلاش شروع کی گئی جبکہ ان کے دوست کا مگر مچھ سے رگڑ کھانے سے زخموں اور صدمے کے لیے علاج جاری ہے۔

اسی بارے میں