قطر میں ریپ کا دعویٰ کرنے والی ڈچ خاتون زیرِ حراست

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption دوحہ کے بعض ہوٹلوں میں شراب نوشی ممنوع نہیں ہے

قطر کے دارالحکومت دوحا میں ایک ڈچ خاتون کو زنا کے شبے میں حراست میں لے لیا گیا جبکہ خاتون کا کہنا ہے کہ اس کے ساتھ ریپ کیا گیا ہے۔

تعطیلات پر دوحا جانے والی ڈچ خاتون کے وکیل کے مطابق ان کی 22 سال موکل کو دوحا کے ایک ہوٹل میں نشہ آور چیز دی گئی تھی اور جب وہ بیدار ہوئیں تو کسی انجانے فلیٹ میں تھیں پھر انھیں یہ احساس ہوا کہ وہ جنسی زیادتی کا شکار ہوئي ہیں۔

مارچ میں خاتون کو غیر مرد کے ساتھ جنسی تعلقات قائم کرنے کے شبے میں گرفتار کیا گیا۔ انھیں پیر کو عدالت میں پیش ہونا ہے۔

انھوں نے جس شخص پر ریپ کا الزام لگایا ہے اسے بھی حراست میں لے لیا گیا ہے لیکن اس شخص کا کہنا ہے کہ یہ باہمی رضامندی تھی۔

ڈچ وزارت خارجہ کی ترجمان نے خاتون کا نام لورا بتایا ہے اور یہ کہا ہے کہ انھیں حراست میں لیا گیا ہے، لیکن ابھی تک ان پر الزام عائد نہیں کیے گئے ہیں۔

ڈچ سفارت خانے نے ایک بیان میں کہا: ’ہم نے انھیں گرفتار کیے جانے کے پہلے دن سے ہی امداد فراہم کرائی ہے اور فی الوقت ان کے مقدمے کے پیش نظر ہم کچھ نہیں کہہ سکتے۔‘

خاتون کے وکیل برائن لوکولو نے ڈچ براڈکاسٹر این او ایس ریڈو1 کو بتایا کہ خاتون دوحا کے ہوٹل میں رقص کرنے گئی تھیں جہاں شراب ممنوع نہیں ہے۔ لیکن ’جب وہ ایک چسکی لینے کے بعد اپنی میز پر آئیں تو ان کی طبیعت خراب ہونے لگی اور انھیں احساس ہوگیا کہ انھیں نشہ آور دوا دی گئی ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Thinkstock
Image caption بیرونی ممالک کے باشندوں کو شراب کا پرمٹ ملتا ہے

’اس کے بعد انھیں کچھ یاد نہیں۔ اس کے بعد ان کی یاداشت ایک انجانے اپارٹمنٹ کی ہے جہاں انھیں یہ خوفناک احساس ہوا کہ ان کا ریپ ہوا ہے۔‘

دوحا نیوز ویب سائٹ کے مطابق اس خاتون پر شراب نوشی کے متعلق جرائم کے الزامات بھی لگائے جا سکتے ہیں۔

قطر میں عوامی مقامات پر شراب پینا جرم ہے لیکن بعض ہوٹلوں میں شراب پینے کی اجازت ہے اور باہر سے آنے والے افراد کو شراب خریدنے کا پرمٹ ملتا ہے۔

سنہ 2013 میں قطر کے پڑوسی ملک متحدہ عرب امارات میں ناروے کی ایک خاتون کو جھوٹی گواہی دینے اور غیر مرد کے ساتھ سیکس کرنے اور شراب پینے کے لیے 16 ماہ کی جیل ہوئی تھی۔

پولیس کو ریپ کی اطلاع دینے کے بعد اسے یہ سزا ملی تھی لیکن بعد میں اسے معاف کردیا گیا اور ناروے واپس جانے کی اجازت دے دی گئی۔

اسی بارے میں