سینڈرز کا انتخابات میں ہلیری کو ووٹ دینے کا اعلان

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters

امریکی سینیٹر برنی سینڈرز نے کہا ہے کہ وہ صدراتی انتخابات میں اپنی حریف ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی امیدوار ہلیری کلنٹن کو ووٹ دیں گے۔

برنی سینڈرز بھی ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے صدارتی امیدوار منتخب ہونے کی دوڑ میں شامل تھے تاہم رواں ماہ سابق سیکریٹری خارجہ ہلیری کلنٹن نے ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی امیدوار بننے کے لیے درکار مندوبین کی مطلوبہ تعداد حاصل کر لی تھی۔

٭ برنی سینڈرز: مقابلہ تو دلِ ناتواں نے خوب کیا

خود کو سوشلسٹ کہنے والے برنی سینڈرز نے ایم ایس این بی سی ٹی وی چینل کو بتایا کہ وہ ریپبلکن جماعت کے ممکنہ صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو روکنے کے لیے ان کے اختیار میں ہر ممکن اقدامات کریں گے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption ڈیموکریٹک جماعت کی صدارتی نامزدگی حاصل کرنے کے ہلیری اور سینڈرز میں مقابلہ تھا

تاہم سینڈرزنے اپنی انتخابی مہم کو ختم کرنے کے حوالے سے کچھ نہیں بتایا۔

گذشتہ ہفتے بھی سینڈرز نے ایک تقریر میں اپنے حامیوں سے کہا تھا کہ ان کے لیے یہ بات بہت اہم ہے کہ وہ ڈونلڈ ٹرمپ کو وائٹ ہاؤس کی دوڑ جیتنے سے روکیں۔

اپنے خطاب میں انھوں نے کہا تھا کہ’اگلے پانچ مہینوں کےدوران ہمارا سب سے بڑا سیاسی ہدف یہ ہو گا کہ ہم ڈونلڈ ٹرمپ کی شکست کو یقینی بنائیں۔انھیں بری طرح شکست دیں اور اس مقصد کے لیے میں ذاتی طور پر اپنا رول شروع کرنا چاہتا ہوں۔‘

اسی بارے میں