’برطانوی عوام نے اپنا ملک واپس حاصل کر لیا‘

تصویر کے کاپی رائٹ PA
Image caption سکاٹ لینڈ آمد پر ٹرمپ کے خلاف احتجاج بھی کیا گیا

امریکہ کی ریپبلکن جماعت کی جانب سے ممکنہ صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ یہ زبردست بات ہے کہ برطانوی عوام نے یورپی یونین سے اخراج کے حق میں ووٹ دے کر اپنا ملک واپس حاصل کر لیا ہے۔

سکاٹ لینڈ کے علاقے آئرشائر میں واقع ٹرمپ ٹرنبیری ہوٹل اور گالف کورس کے افتتاح کے موقعے پر ریفرینڈم کے نتائج کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ’ جو ہوا وہ زبردست بات ہے، یہ تاریخی اور حیرت انگیز ووٹ ہے۔‘

٭ برطانیہ: ریفرینڈم کے نتائج اور ردعمل

٭ ریفرینڈم کا نتیجہ: برطانوی وزیراعظم کا عہدہ چھوڑنے کا اعلان

انھوں نے مزید کہا کہ دنیا بھر میں لوگ ناراض ہیں، وہ اپنی سرحدوں پر ناراض ہیں، وہ اس بات پر ناراض ہیں کہ لوگ ان کے ملک میں آ رہے ہیں اور اس پر قبضہ کر رہے ہیں اور ان کے بارے میں کوئی نہیں جانتا کہ یہ کون ہیں۔‘

ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ’ وہ برطانیہ، امریکہ اور دیگر کئی جگہوں پر بہت ساری چیزوں پر ناراض ہیں اور یہ آخری چیز نہیں ہونی چاہیے۔‘

ڈونلڈ ٹرمپ نے برطانوی ریفرینڈ کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ برطانوی میں اختلاف رائے ختم ہو جائے گی کیونکہ یہ ایک زبردست جگہ ہے۔ میں نے کہا تھا کہ یہ ہونے جا رہا اور میرے خیال میں یہ اچھی بات ہے۔ کیونکہ بنیادی طور پر انھوں نے اپنا وطن واپس لیا ہے اور یہ ایک زبردست بات ہے۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption ٹرمپ مسلمانوں کے امریکہ داخلے پر پابندی کا متنازع بیان دیا تھا

ڈونلڈ ٹرمپ سے جب برطانوی وزیراعظم کے مستعفی ہونے کے فیصلے کے بارے میں پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ’ یہ بہت برا ہوا۔‘

ڈونلڈ ٹرمپ نے دو سال پہلے دبئی میں قائم ایک کمپنی سے گالف کورس اور ہوٹل خریدا تھا اور اس کی آرائش پر بیس کروڑ پاؤنڈ خرچ کرنے کے بعد جمعے کو اس کا افتتاح کیا۔ ٹرمپ نے یہ جائیدار خریدنے کے بعد اس کو ٹرنبیری گالف کورس اور ہوٹل کا نام دیا ہے۔

ٹرمپ کی سکاٹ لینڈ آمد سے پہلے پانچ لاکھ افراد نے ایک آن لائن پٹیشن پر دستخط کیے تھے جس میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ وہ ٹرمپ کی برطانیہ میں آمد پر پابندی عائد کرے۔

گالف کورس میں ڈونلڈ ٹرمپ کی آمد سے پہلے اس کے باہر درجنوں افراد نے ان کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور’نسل پرستی قبول نہیں‘ کے نعرے لگائے۔

اسی بارے میں