’مسلح شخص کے مکان سے بم بنانے کا مواد برآمد‘

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption پولیس اہلکاروں پر حملے میں ملوث تین مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے

امریکہ کی ریاست ٹیکسس کے شہر ڈیلس میں پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکاروں کو ہلاک کرنے والے مبینہ شخص مکاہ جانسن کے مکان سے بم بنانے کا مواد، رائفلز اور جنگی جرنل برآمد ہوئے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ یہ مواد اس وقت ملا جب پولیس نے ان کے مکان کی تلاشی لی۔

٭ سیاہ فام ہی کیوں پولیس کے نشانے پر؟

٭ احتجاجی ریلی میں فائرنگ، پانچ پولیس اہلکار ہلاک

٭ ٹیکساس فائرنگ: کب اور کیسے ہوئی؟

پولیس نے ان اطلاعات کی بھی تصدیق کی ہے کہ 25 سالہ جانسن امریکی فوج میں رہ چکا تھا۔

اس سے قبل ڈیلس میں پولیس چیف کا کہنا ہے کہ پولیس کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے مسلح شخص کا کہنا تھا کہ وہ پولیس کی جانب سے سیاہ فام لوگوں پر فائرنگ کے واقعات سے پریشان تھا اور سفید فام اہلکاروں کو مارنا چاہتا تھا۔

پولیس چیف ڈیوڈ براؤن نے صحافیوں کو بتایا کہ مشتبہ شخص نے پولیس کو بتایا تھا کہ وہ اکیلے ہی یہ کام کر رہا تھا۔

حکام کے مطابق پولیس کے ہاتھوں دو سیاہ فام افراد کی ہلاکت کے خلاف احتجاجی مظاہرے کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں پانچ پولیس اہلکار ہلاک اور چھ اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔

پولیس اہلکاروں پر حملے میں ملوث تین مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔

ڈیوڈ براؤن کا کہنا تھا کہ مشتبہ شخص اس وقت ہلاک ہوا جب پولیس نے اس عمارت میں دھماکہ خیز مواد استعمال کیا جہاں وہ موجود تھا۔

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption ڈیوڈ براؤن نے بتایا کہ اس کا کہنا تھا کہ وہ کسی گروہ سے منسلک نہیں اور یہ کام وہ اپنے طور پر کر رہا تھا

ان کا کہنا تھا کہ مسلح شخص نے مذاکرات کار کو بتایا کہ وہ ’بلیک لائیوز میٹرز احتجاج ، حالیہ پولیس شوٹنگ کی وجہ سے پریشان تھا اور وہ سفید فام لوگوں کا مارنا چاہتا تھا، بالخصوص سفید فام پولیس اہلکاروں کو۔‘

ڈیوڈ براؤن نے بتایا کہ اس کا کہنا تھا کہ وہ کسی گروہ سے منسلک نہیں اور یہ کام وہ اپنے طور پر کر رہا تھا۔

صدر براک اوباما نے اس واقعے کے بارے میں کہا تھا کہ ’ ان بے وجہ حملوں میں جو بھی ملوث پایا گیا، اسے جوابدہ ہونا پڑے گا۔‘ صدر کا مزید کہنا تھا کہ پولیس پر یہ حملہ ان قربانیوں کی ایک ’دلگیر یاد دھانی‘ ہے جو ہمارے قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں نے دی ہیں۔

اس سے قبل ڈیلس کی پولیس کے سربراہ ڈیوڈ براؤن نے بتایا تھا کہ پولیس اہلکاروں اور ایک مسلح شخص کے درمیان مقابلہ جاری ہے جو کہ اہلکاروں پرگولیاں چلا رہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ’ایک مشتبہ شخص کا جس کے ساتھ ہماری بات ہوئی، کہنا ہے کہ اس مقابلے کا اختتام ہونے والا ہے اور وہ مسلح شخص مزید قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کو زخمی اور ہلاک کرے گا، اور اس نے گیراج اور ارد گرد کے علاقے میں ہر طرف بم لگائے گئے ہیں۔‘

بعد میں ڈیلس پولیس نے اپنی ٹویٹ میں کہا ہے کہ ’ہم نے اپنے ایک اور اہلکار کو کھو دیا ہے۔‘

یاد رہے کہ بدھ کے روز امریکی ریاست مینیسوٹا میں سیاہ فام شخص فیلینڈو کاسٹل کو اُس وقت گولی مار کر ہلاک کیا گیا جب وہ گاڑی سے اپنا ڈرائیونگ لائسنس نکال رہے تھے جبکہ اس وقعے سے ایک روز قبل ایلٹن سٹرلنگ نامی ایک اور سیاہ فام شخص کو ریاست لوئزيانا میں پولیس نے گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔

اسی بارے میں