’ایدھی کا پیغام انسانیت کی بلا امتیاز مدد ہے‘

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption ہمیں ایدھی کی زندگی کا پیغام اور مقصد اپنانا چاہیے

لندن کے میئر صادق خان کا کہنا ہے کہ انھیں معروف سماجی شخصیت عبدالستار ایدھی کی موت سے انتہائی دکھ پہنچا ہے کیونکہ ایدھی کی زندگی ہم سب کے لیے قابل تقلید ہے۔

خیال رہے کہ انسانی فلاح وبہبود کے لیے کام کرنے والے ایدھی فاؤنڈیشن کے بانی عبدالستار ایدھی جمعے کو کراچی میں انتقال کر گئے تھے اور سنیچر کو انھیں سرکاری اعزاز کے ساتھ ایدھی ویلج میں سپردِ خاک کیا گیا۔

٭میمن والسیر کور سے ایدھی فاؤنڈیشن تک

بی بی سی اردو کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو میں لندن کے پاکستانی نژاد میئر صادق خان کا کہنا تھا کہ ’بہت افسوس کی بات کی ہے عبداستار ایدھی وفات پا گئے ہیں۔ آپ دیکھیں جیسےانھوں نے پاکستان کے غریب لوگوں کی مدد کی ، بہت ضروری ہے کہ ہم ان کی زندگی سے سبق سیکھیں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ایدھی کی زندگی کا پیغام اور مقصد ہمیں اپنانا چاہیے اور وہ یہ کہ تمام انسانیت کی بلا امتیاز مدد کریں۔

تصویر کے کاپی رائٹ edhi
Image caption ایدھی کہتے تھے کہ انسانیت کو مقدم رکھیں۔ مذہب، ذات اور فرقوں کی بنیاد کسی کو مدد سے محروم نہ کریں

صادق خان کے والدین کا تعلق پاکستان سے تھا اور ان کا بحیثیت مئیر انتخاب لندن کی کثیرالنسل آبادی کی کامیابی قرار دیا گیا تھا۔

لیکن یورپی یونین کے ریفرنڈم میں برطانوی عوام کی اکثریت کا ای یو سے نکلنے کے فیصلے کے بعد برطانیہ میں نفرت پر مبنی جرائم نے کمیونیٹیز میں تناؤ کو جنم دیا ہے۔

ایسے میں صادق خان کے کردار کو نہایت اہمیت دی جا رہی ہے اور گذشتہ کئی ہفتوں میں کی گئیں ان کی زیادہ تر تقاریر کا موضوع مذاہب میں ہم آہنگی اور رنگ و نسل سے بالاتر معاشرے کا قیام رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا جس طرح ایدھی نے مذہب اور رنگ ونسل سے بالاتر ہو کر پاکستان کے غریب عوام کی خدمت کی اس طرح ہمیں بھی دنیا بھر میں بلا تفریق ضرورت مند لوگوں کی مدد کرنی چاہیے۔

اسی بارے میں