اٹلی: ریل گاڑیوں کے حادثے میں 23 افراد ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ getty

اٹلی میں حکام کا کہنا ہے کہ ملک کے جنوب میں دو ریل گاڑیوں کے آپس میں ٹکرانے کے ایک حادثے میں 23 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔

حادثے کے وقت دونوں ریل گاڑیاں ساحلی شہر بری اور بارلیٹا کے درمیان جانے والی ایک ہی ریل پٹری پر سفر کر رہی تھیں۔

ایمرجنسی سروسز آندریا کے قصبے کے قریب ریل کے تباہ شدہ ڈبوں میں پھنسے مسافروں کو نکالنے کی کوشش کر رہی ہیں۔

ریل کے تباہ شدہ ڈبوں سے نکالے جانے والے افراد میں ایک بچہ بھی شامل ہے جسے جہاز کے ذریعے ہسپتال پہنچایا گیا۔

حکام نے صورت حال کو ’سنگین‘ قرار دیتے ہوئے خون کے عطیات دینے کی اپیل کی ہے۔

حادثے کی وجہ ابھی تک واضح نہیں ہے جو اچھے موسم میں صبح ساڑھے 11 کے قریب جنوبی علاقے اپولیا کے قریب پیش آیا۔

حادثے کے قریب شہر ٹرانے کے ایک مقامی وکیلِ استغاثہ کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات کے بارے فل الحال قیاس آرائی نہیں کی جا سکتی البتہ ایک ممکنہ وجہ انسانی غلطی ہو سکتی ہے۔

اطلاعات کے مطابق دونوں ریل گاڑیاں تیز رفتاری کے ساتھ سفر کر رہی تھیں۔

اٹلی کی ریلوے پولیس کا کہنا ہے کہ حادثہ یقیناً انسانی غلطی ہے اور ہمیں اس کی وجوہات جاننے کی ضرورت ہے۔

کوراٹو کے میئر ماسیمو کا کہنا ہے کہ ریل گاڑیوں کے ٹکرانے سے اتنا وسیع نقصان ہوا ہے جیسے کہ کوئی جہاز گر کر تباہ ہوا ہو۔

ایک پولیس اہلکار نے صحافیوں کو بتایا ’میں نے مرے ہوئے افراد دیکھے، دوسرے لوگ رو رہے تھے اور مدد کے لیے پکار رہے تھے، یہ میری زندگی کا سب سے بھیانک منظر تھا۔