برنی سینڈرز کا ہلیری کلنٹن کی حمایت کا اعلان

تصویر کے کاپی رائٹ
Image caption برنی سینڈرز نے اس امید کا اظہار کیا کہ ڈیموکریٹک پلیٹ فارم پر ان کا بہت زیادہ اثر ہوگا

امریکہ میں ڈیموکریٹک پارٹی کی متوقع صدارتی امیدوار ہلیری کلنٹن نے اپنے سابق حریف برنی سینڈرز کی حمایت حاصل کر لی ہے۔

امریکی ریاست ورمونٹ کے سینیٹر اور ڈیموکریٹک پارٹی کے سابق صدارتی امیدوار نے نیو ہیمپشائر میں ہلیری کلنٹن کے ہمراہ انتخابی مہم میں شرکت کی۔

برنی سینڈرز نے امید کا اظہار کیا کہ ڈیموکریٹک پلیٹ فارم پر ان کا بہت زیادہ اثر ہو گا۔

٭ برنی سینڈرز: مقابلہ تو دلِ ناتواں نے خوب کیا

٭ کلنٹن ’تاریخی لمحے‘ کے لیے حامیوں کی شکرگزار

انھوں نے ہلیری کلنٹن کے بارے میں کہا کہ ’وہ صدر کے لیے ڈیموکریٹک امیدوار ہوں گی اور انھیں اگلا امریکی صدر بنانے کے لیے مجھ سے جو بن پڑا، کروں گا۔‘

برنی سینڈرز کا کہنا تھا کہ ’یہ مہم امریکی لوگوں کی ضروریات اور ان بحرانوں سے متعلق سے ہے جن کا ہمیں سامنا ہے۔ اور مجھے کوئی شک نہیں ہے کہ جیسے جیسے ہم نومبر کی جانب بڑھ رہے ہیں، ہلیری کلنٹن ہی بہترین امیدوار ہیں۔‘

خیال رہے کہ برنی سینڈرز نے فروری میں نیو ہیمپشائر میں منعقدہ پرائمری مقابلے میں ہلیری کلنٹن کو شکست دی تھی۔

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption برنی سینڈرز نے اعلیٰ تعلیم، صحت کی سہولیات اور کم از کم آمدن سے متعلق ہلیری کلنٹن کے خیالات کو سراہا

اس موقعے پر ہلیری کلنٹن نے سینڈرز کو مخاطب کر کے کہا: ’زندگی بھر ناانصافیوں کے خلاف لڑنے کا شکریہ۔ مجھے آپ کے پیچھے یہ لڑائی لڑنے پر فخر ہے۔۔۔ یہ وقت ہے کہ ہم سب ایک ساتھ کھڑے ہوں۔‘

صدارتی امیدوار کی نامزدگی کی دوڑ سے باہر ہونے سے قبل برنی سینڈرز توقعات سے کہیں زیادہ عرصے تک صدارتی امیدوار کی نامزدگی کی دوڑ میں شامل رہے تھے۔

انھوں نے اعلیٰ تعلیم، صحت کی سہولیات اور کم از کم آمدن سے متعلق ہلیری کلنٹن کے خیالات کو سراہا۔

ان کا کہنا تھا کہ ’یہ کوئی راز کی بات نہیں ہے کہ ہلیری کلنٹن اور میں بہت سارے معاملات پر متفق نہیں ہیں۔ یہ مہم اسی کا حصہ رہی ہے۔ یہی جمہوریت ہے۔‘

’تاہم میں مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہے کہ۔۔۔ دونوں مہمات میں ایک واضح امر رہا ہے اور ہم نے ڈیموکریٹک پارٹی کی تاریخ میں سب سے زیادہ ترقی پسند پلیٹ مہیا کیا ہے۔‘

اسی بارے میں