شام میں کُردوں کے زیرِ انتظام شہر میں دھماکے، 44 ہلاک

شام میں سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق کردوں کے زیر کنٹرول شہر القامشلی میں دو بم دھماکوں میں کم از کم 44 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
برطانیہ سے شام میں حقوق انسانی کی صورتحال پر نظر رکھنے والی ایک تنظیم کے مطابق ایک ٹرک بم دھماکہ کرد سکیورٹی فورسز کے ہیڈ کوارٹر کے قریب ہوا۔
٭ ’دولتِ اسلامیہ کمزور ہوئی ہے مگر ہاری نہیں‘
شام کے سرکاری ٹی وی کے مطابق دھماکہ خیز مواد ایک ٹرک اور ایک موٹر سائیکل میں نصب تھا۔
ٹی وی پر بم دھماکوں کے بعد کی صورتحال کے مناظر نشر کیے گئے ہیں جس میں ایک بڑے علاقے میں دھماکوں کے نتیجے میں تباہی اور دھویں کے بادل دیکھے جا سکتے ہیں۔
خود کو دولتِ اسلامیہ کہنے والی شدت پسند تنظیم نے ترکی کی سرحد کے قریب واقع صوبہ الحسكہ میں ہونے والے ان دھماکوں کی ذمہ داری قبول کرنے کا اعلان کیا ہے۔
دولتِ اسلامیہ سے منسلک نیوز ایجنسی عماق کے مطابق ایک خودکش بمبار نے ٹرک کو مقامی پولیس کے سینٹر اور قریبی سرکاری عمارتوں کے قریب دھماکے سے اڑا دیا۔
دولتِ اسلامیہ اس سے پہلے بھی کردوں پر متعدد بم حملے کر چکی ہے۔
گذشتہ برس امریکی حمایت یافتہ کرد جنگجوؤں کے اتحاد سیریئن ڈیموکریٹک فورسز نے صوبہ الحسكہ میں دولتِ اسلامیہ کے خلاف کارروائیوں کا آغاز کیا تھا۔
خیال رہے کہ دولت اسلامیہ نے شام اور عراق کے ایک بڑے علاقے پر قبضہ کر رکھا ہے اور دونوں ممالک میں اپنے زیر کنٹرول علاقوں سے باہر بھی عام شہریوں اور سرکاری املاک کو ہدف بناتے ہیں۔