امریکی ایئر لائن کا سسٹم فیل، ہزاروں مسافر متاثر

تصویر کے کاپی رائٹ epa
Image caption اس واقعے کے بعد امریکہ، جاپان، اٹلی اور برطانیہ میں پروازوں میں تاخیر آئی ہے

امریکی ایئرلائن ڈیلٹا کے سسٹم میں بجلی کی ترسیل متاثر ہونے کے نتیجے میں اسے دنیا بھر میں اپنی پروازیں منسوخ کرنا پڑی جس کے نتیجے میں ہزاروں مسافر متاثر ہوئے ہیں۔

اس واقعے کے بعد امریکہ، جاپان، اٹلی اور برطانیہ میں پروازیں متاثر ہوئی ہیں۔

پیر کو ہونے والے اس واقعے کے بعد ہوائی اڈوں کے چیک ان کاؤنٹر ،ڈیلٹا کی ویب سائٹ اور سمارٹ فون کی ایپس متاثر ہوئی ہیں۔

چھ گھنٹوں کے بعد ڈیلٹا کا کہنا ہے کہ کچھ پروازیں دوبارہ شروع کر دی گئی ہیں لیکن آئندہ دنوں میں مزید پروازوں میں تاخیر ہو سکتی ہے۔

ڈیلٹا نے پیر کو درجنوں پروازیں منسوخ ہو گئی اور ایئر پورٹس پر عملے نے مسافروں کو بورڈنگ پاس ہاتھ سے لکھ کر دیے۔

کمپنی نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر کہا کہ ’ہمارا نظام ہر جگہ بند ہو گیا ہے۔‘

دنیا بھر میں مسافروں نے چیک ان کاؤنٹر پر لمبی قطاروں کی شکایات کی ہیں جبکہ کئی مسافر زمین پر سوئے ہوئے بھی نظر آئے۔

ایئر لائن نے اپنے صارفین کو ہدایت دی ہے کہ ہوائی اڈوں پر جانے سے پہلے وہ اپنی پرواز کی معلومات حاصل کر لیں۔

اسی بارے میں