روس: سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں چھ شدت پسند ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ PA
Image caption اطلاعات کے مطابق اس علاقے سے متعدد افراد کو گرفتار بھی کیا گیا

روس کے شہر سینٹ پیٹرز برگ میں سپیشل فورسز کے ایک آپریشن اور ماسکو میں جھڑپ کے نتیجے میں چھ مشتبہ شدت پسند ہلاک ہو گئے ہیں۔

روسی حکام کے مطابق چار مشتبہ شدت پسندوں کو سینٹ پیٹرز برگ کے ایک رہائشی علاقے میں ہلاک کیا گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ سینٹ پیٹرز برگ میں آپریشن جنوبی قفقاز سے تعلق رکھنے والے شدت پسندوں کے خلاف کیا گیا۔

اس آپریشن کے کچھ دیر بعد جنوبی قفقاز سے تعلق رکھنے والے مبینہ شدت پسندوں نے ماسکو کے قریب ٹریفک پولیس کے دو اہلکاروں کو زخمی کر دیا اور اس کے سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں دو شدت پسند مارے گئے۔

روس جنوبی قفقاز کے علاقے میں عسکریت پسندوں سے ایک طویل اور تلخ جنگ لڑ رہا ہے۔

روسی انٹیلیجنس ادارے ’ایف ایس بی‘ کے مطابق یہ آپریشن ان لوگوں کے لیے تھا جو بہت عرصے سے جنوبی قفقاز میں غیر قانونی طور پر اسلحہ رکھنے والے گروہوں کا حصہ تھے۔

ایف ایس بی کے مطابق مسلح افراد گرفتاری پر مزاحمت کرنے پر جوابی فائرنگ میں مارے گئے۔

اطلاعات کے مطابق علاقے سے متعدد افراد کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔

اسی بارے میں