کیلیفورنیا میں شدید آگ، ہزاروں افراد کا انخلا

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption آگ کو بجھانے کے لیے 1300 فائرفائٹرز کوششیں کر رہے ہیں

امریکہ کی ریاست کیلیفورنیا کے جنوبی علاقوں میں بھڑک اٹھنے والی آگ پر تاحال قابو نہیں پایا جاسکا۔

آگ بجھانے کا عملہ آگ بجھانے کی کوششوں میں مصروف ہے اور ان کا کہنا ہے کہ آگ کی نوعیت شدید ترین ہے۔

لاس اینجلس کے قریب لگی اس جنگل کی آگ کی وجہ سے 82 ہزار افراد کو علاقہ خالی کردینے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔

اس آگ کو بلیو کٹ فائر کا نام دیا گیا ہے اور اس نے متعدد مکانات تباہ کر دیے ہیں اور کیلیفونیا اور نیواڈا کے درمیان ٹرانسپورٹ کا نظام بھی متاثر کیا ہے۔

کچھ لوگوں نے آگ سے بچنے کے لیے بھاگ کر اپنی جان بچائی ہے۔

یہ آگ منگل کو خشک سالی کے شکار ایک پہاڑی راستے پر لگی اور ایک دن میں تقریبا 47 مربع میل کے علاقے میں پھیل گئی۔

آگ کو بجھانے کے لیے 1300 فائرفائٹرز کوششیں کر رہے ہیں۔

آگ بجھانے کے عملے کے کمانڈر مائک واکوسکی کا کہنا ہے کہ انھوں نے گذشتہ 40 برسوں میں اس شدید آگ کبھی نہیں دیکھی۔

تاحال کسی کے ہلاک ہونے کی مصدقہ اطلاعات نہیں ہیں تاہم سرغ رساں کتوں کی مدد سے تباہ ہونے والی جگہوں پر تلاش جاری ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ وہ اس بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتے کہ آگ سے کتنے مکانات تباہ ہوئے تاہم خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے ان کی تعداد سینکڑوں میں ہوسکتی ہے۔

اسی بارے میں