شمالی کوریا کا آبدوز سے بیلسٹک میزائل کا تجربہ

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption شمالی کوریا نے گذشتہ کچھ عرصے سے متعدد میزائل ٹیسٹ کیے ہیں

امریکہ نے شمالی کوریا کی جانب سے آبدوز کے ذریعے بیلسٹک میزائل کے تجربے کی مذمت کی ہے۔

شمالی کوریا نے یہ تجربہ ایک ایسے موقع پر کیا ہے جب جاپان، چین اور جنوبی کوریا کے وزرائے خارجہ ٹوکیو میں ملاقات کر رہے ہیں۔

امریکی حکام کے مطابق شمالی کوریا نے سنپو کے سمندری علاقے میں موجود آبدوز سے ’کے این 11‘بیلسٹک میزائل فائر کیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ میزائل نے تقریباً پانچ سو کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا اور بحیرہ جاپان میں گر گیا۔

٭شمالی کوریا کا آبدوز سے بیلسٹک میزائل تجربہ ناکام

جنوبی کوریا کی یونہپ نیوز ایجنسی کے مطابق بیلسٹک میزائل جاپان کی فضائی دفاع کی طے کردہ حدود کے اندر گرا۔

شمالی کوریا جوہری ہتھیاروں کے تجربات کر چکا ہے اور اقوام متحدہ نے اس پر بیلسٹک میزائل کے تجربات پر پابندی عائد کر رکھی ہے تاہم حالیہ کچھ عرصے میں شمالی کوریا نے لگاتار میزائل کے ٹیسٹ کیے ہیں۔

شمالی کوریا نے گذشتہ ماہ بھی بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا تھا جس کے بارے میں جنوبی کوریا کا کہنا تھا کہ یہ ناکام رہا۔

امریکی محکمۂ خارجہ نے میزائل تجربے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اپنے خدشات کا اظہار اقوام متحدہ میں کرے گا۔

اس سے پہلے شمالی کوریا نے امریکہ اور جنوبی کوریا کی مشترکہ فوجی مشقوں پر خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ اس پر حملے کی مشق ہے اور اس کے نتیجے میں جزیرہ نما کوریا جنگ کے دہانے پر پہنچ سکتا ہے۔

گذشتہ ماہ امریکہ اور جنوبی کوریا نے شمالی کوریا سے لاحق خطرات سے نمٹنے کے جدید ترین دفاعی میزائل نظام نصب کرنے کے منصوبے پر اتفاق کیا تھا۔

اسی بارے میں