اٹلی زلزلہ: ہلاکتیں 240 سے زائد، لاپتہ افراد کی تلاش جاری

اپ کی ڈیوائس پر پلے بیک سپورٹ دستیاب نہیں

یورپی ملک اٹلی میں حکام کا کہنا ہے کہ ملک کے وسطی علاقے میں بدھ کو آنے والے شدید زلزلے میں مرنے والوں کی تعداد 240 سے بڑھ گئی ہے جبکہ اب بھی لاپتہ افراد کی تلاش کا کام جاری ہے۔

اٹلی کے ہزاروں امدادی کارکنان نے رات بھر ملبے میں لاپتہ افراد کی تلاش جاری رکھی۔

٭ اٹلی: زلزلے میں ہلاکتوں کی تعداد 159، درجنوں لاپتہ

٭ اٹلی میں زلزلے سے تباہی: تصاویر میں

حکام کا کہنا ہے کہ بدھ کو آنے والے زلزلے کے نتیجے میں اب تک 247 افراد ہلاک اور کم سے کم 368 زخمی ہوئے ہیں۔

حکام کے مطابق سب سے زیادہ 86 ہلاکتیں اکومولی میں ہوئی ہیں جو زلزلے کے مرکز کے قریب واقع ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters

ہلاک ہونے والے افراد کی اکثریت کا تعلق پیسکارا ڈیل ٹورنٹو نامی گاؤں سے ہے جو زلزلے سے مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے۔

اٹلی کے وزیراعظم میتیو رینزی نے کہا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد حتمی نہیں ہے۔

اٹلی کے وزیرِ صحت کا کہنا ہے کہ مرنے والے افراد میں زیادہ تعداد بچوں کی ہے اور اس بات کا خدشہ ہے کہ یہ تعداد مزید بڑھ سکتی ہے۔

زلزلے سے بڑی تعداد میں عمارتیں منہدم ہو گئیں اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے سڑکوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

منہدم عمارتوں میں پھنسے ہوئے افراد کو نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters

وزیراعظم میتیو رینزی نے زلزلے سے متاثرہ علاقے کے دورے میں وعدہ کیا کہ کسی خاندان، کسی شہر اور کسی گاؤں کو اس آفات میں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔

انھوں نے زلزلے کے بعد فوری طور پر متاثرہ علاقوں میں رات کے وقت امدادی کارروائیاں شروع کرنے پر امدادی کارکنوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

امدادی کارکنوں نے پیسکارا ڈیل ٹورنٹو میں دو لڑکوں کو ملبے سے زندہ بھی نکالا ہے۔ امدادی کارکنوں کا کہنا ہے کہ دونوں لڑکوں نے چارپائی کے نیچے چھپ کر زندگی بچانےمیں کامیاب رہے ہیں۔

پیسکارا ڈیل ٹورنٹو گاؤں کے علاوہ اماٹریس نامی قصبہ بھی زلزلے سے شدید متاثر ہوا ہے اور وہ ملبے کا ڈھیر بن چکا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters

بی بی سی کے نامہ نگار جیمز رینالڈ جو اس وقت اماٹریس میں موجود ہیں، کا کہنا ہے کہ امدادی کارکن سونگھنے والے کتوں کی مدد سے ملبے میں پھنسے ہوئے لوگوں کا پتہ لگانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ مقامی حکام یہ پتہ لگانے میں مصروف ہیں کہ ابھی تک کتنے لوگ لاپتہ ہیں۔

ماضی کے زلزلوں کے اعداد و شمار کے مطابق خدشہ ہے کہ یہ زلزلہ بھی کافی نقصان دہ ہو سکتا ہے۔

سنہ 2009 میں اکویلا میں آنے والے زلزلے میں جو اٹلی میں بھی محسوس کیا گیا تھا اس میں 300 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters

اسی بارے میں