روس کا دولت اسلامیہ کے اہم رہنما کو ہلاک کرنے کا دعویٰ

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption امریکہ نے عدنانی کے سر کی قیمت 50 لاکھ ڈالر مقرر کی تھی

روس کی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ شام میں شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ کے اہم رہنما ابو محمد العدنانی روسی فضائی حملے میں ہلاک ہوئے۔

خود کو دولتِ اسلامیہ کہلانے والی شدت پسند تنظیم سے منسلک نیوز ایجنسی اعماق نے تصدیق کی تھی کہ دولتِ اسلامیہ کے اہم رہنما ابو محمد العدنانی شام کے شہر حلب میں ہلاک ہو گئے ہیں۔

روس کا کہنا ہے کہ عدنانی منگل کو ام ہوش کے گاؤں میں روس کے سو34 طیارے کی بمباری کا نشانہ بنے تھے۔

٭ شام میں ترکی کے فضائی حملے میں 25 شدت پسند ہلاک

٭ شام میں باغیوں نے حلب کا ’حکومتی محاصرہ‘ توڑ دیا

اس سے قبل امریکہ کا کہنا تھا کہ ان کے جنگی طیاروں نے الباب شہر میں عدنانی کو نشانہ بنایا ہے تاہم اس کا کہنا تھا کہ ’پینٹاگون اب بھی آپریشن کے نتائج کا جائزہ لے رہا ہے۔‘

خیال رہے کہ امریکہ نے عدنانی کے سر کی قیمت 50 لاکھ ڈالر مقرر کی تھی۔

ابو محمد عدنانی کی ہلاکت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب دولتِ اسلامیہ کو شام اور عراق میں فوجی پسائی ہوئی ہے۔

خیال رہے کہ عدنانی مغربی ممالک کے خلاف سخت موقف رکھتے تھے۔

انھیں یورپ اور دوسرے مقامات پر حملوں کا ماسٹر مائنڈ بھی کہا جاتا تھا۔

عدنانی نے مئی میں ایک آڈیو پیغام میں مسلمانوں سے مغربی ممالک میں حملے کرنے کی اپیل کی تھی۔

سنہ 1977 میں شام میں پیدا ہونے والے ابو محمد عدنانی دولتِ اسلامیہ کے سینئیر ترین اور اس کے لیے طویل عرصے تک کام کرنے والے رہنما تھے۔

اسی بارے میں