ٹرمپ اپنی صحت کے متعلق رپورٹ جاری کریں گے

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption مسٹر ٹرمپ نے کہا ہے کہ ان کی طبی رپورٹ اچھی ہوں گی

ریپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے ہلیری کلنٹن کی نمونیا کی تشخیص کے بعد اپنی ہیلتھ رپورٹ جاری کرنے کا وعدہ کیا ہے۔

مسٹر ٹرمپ نے کہا کہ صحت انتخابی مہم کے دوران ’ایک مسئلہ‘ بن گیا ہے۔

٭ ’ہلیری کلنٹن کو نمونیا، گرمی سے طبیعت ناساز‘

خیال رہے کہ ڈیموکریٹک پارٹی کی امیدوار ہلیری کلنٹن سنیچر کو 11 ستمبر کی میموریل تقریب سے علالت کے سبب قبل از وقت چلی گئیں تھیں اور انھوں نے کیلیفورنیا کی اپنی مہم بھی منسوخ کر دی۔

ان کے ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ہلیری کلنٹن کو ’گرمی لگ گئی تھی‘ اور ان کے جسم میں پانی کی کمی ہو گئی تھی تاہم اب وہ ’صحت یاب ہو رہی ہیں۔‘

اس کے بعد مسٹر ٹرمپ نے ان کی جلد صحتیابی کی خواہش کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ وہ گذشتہ ہفتے کی جانے والی اپنی طبی جانچ کی رپورٹ بہت جلد جاری کریں گے۔

Image caption ہلیری کلنٹن جب تقریب سے نکلیں تو انھیں وین میں سہارا دے کر لے جاتے دیکھا گیا

انھوں نے فوکس نیوز کو بتایا: ’امید کہ وہ (طبی رپورٹس) اچھی ہوں گی۔ میرے خیال سے وہ اچھی ہی ہوں گی۔ میں بہت اچھا محسوس کر رہا ہوں۔‘

ابھی تک مسٹر ٹرمپ نے صرف ایک نوٹ جاری کیا ہے جس میں ان کے ڈاکٹروں نے کہا ہے کہ شاید وہ ’امریکی صدارت کے لیے منتخب ہونے والے سب سے زیادہ صحت مند شخص ہوں گے۔‘

خیال رہے کہ 70 سالہ مسٹر ٹرمپ اور 68 سالہ مسز کلنٹن امریکہ کے صدارتی انتخابات کی تاریخ میں سب سے معمر امیدوار ہیں۔

اتوار کو ویڈیو میں یہ دیکھا گیا کہ جب وہ 11 ستمبر کی تقریب سے ڈیڑھ گھنٹے بعد وین میں واپس جا رہی تھیں تو ان کے ساتھی ان کو سہار دے رہے تھے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption مسز کلنٹن اپنی بیٹی کے گھر سے نکلیں تو انھوں نے کہا کہ وہ بہت اچھا محسوس کر رہی ہیں

انھیں نیویارک میں ان کی بیٹی کے فلیٹ میں لے جایا گیا تھا اور اتوار کو وہاں سے نکلتے ہوئے انھوں نے میڈیا سے کہا: ’میں بہت اچھا محسوس کر رہی ہوں۔ نیویارک میں دن خوبصورت ہے۔‘

مسز کلنٹن پیر کو دو دنوں کے دورے پر کیلیفورنیا جانے والی تھیں جہاں وہ فندز اکٹھا کرنے کے علاوہ معیشت پر خطاب کرنے والی تھیں۔

ان کی ذاتی معالج ڈاکٹر لیزا برڈیک نے کہا کہ انھیں کھانسی تعلق سے الرجی ہے۔ جمعے کو ان کی اس پرانی شکایت کی جانچ میں نمونیا کی تشخیص ہوئی تھی۔ انھیں اینٹی بائئوٹکس دی گئی ہے اور انھیں آرام کرنے اور اپنے پروگرام میں تبدیلی کرنے کے لیے کہا گیا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption مسٹر ٹرمپ نے ہلیری کلنٹن کی جلد صحتیابی کی خواہشات کا اظہار کیا

خیال رہے کہ گذشتہ ماہ ڈاکٹر برڈیک نے کہا تھا کہ امیدوار کی ’صحت شاندار ہے اور وہ امریکہ کی صدر کی حیثیت سے کام کرنے کے لیے فٹ ہیں۔‘

ڈاکٹر نے کہا کہ وہ سنہ 2012 میں خون کے جمع ہوجانے والی سرجری سے پوری طرح صحتیاب ہو چکی ہیں۔

مسز کلنٹن کی مہم کی ٹیم نے ان کی صحت کے متعلق باتوں کو طول دینے کو ’گندی سازش‘ سے تعبیر کیا ہے۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں