برلنگٹن کے شاپنگ مال میں فائرنگ، پانچ ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ AP

امریکی ریاست واشنگٹن میں پولیس کا کہنا ہے کہ برلنگٹن کے ایک شاپنگ مال میں ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں کم سے کم پانچ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

پولیس نے فائرنگ کرنے والے مشتبہ شخص کی تصویر جاری کی ہے اور حکام نے کاسکیڈ مال اور دیگر دکانوں کو سِیل کر کے حملہ آور کی تلاش شروع کر دی ہے۔

حکام کے مطابق حملے میں ملوث شخص بظاہر ہسپانوی نژاد لگ رہا ہے۔

٭ امریکہ: سیاٹل میں فائرنگ، پانچ ہلاک

واشنگٹن سٹیٹ ٹروپر ہیتھر ایکسمین نے بی بی کو بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ میکی ڈیپارٹمنٹ سٹور میں پیش آیا۔

پولیس کے تازہ بیان کے مطابق فائرنگ میں چار خواتین جب کہ ایک مرد ہلاک ہوا ہے اور اس واقعے میں ایک خاتون معمولی زخمی بھی ہوئی ہے۔

دریں اثنا سیاٹل ٹائمز کے مطابق ایک مشتبہ حملہ آور کو قریبی موٹر وے انٹرسٹیٹ فائیو کی جانب بڑھتے ہوئے دیکھا گیا۔

Image caption پولیس کے مطابق مشتبہ حملہ آور ہسپانوی مردہے جس نے گرے رنگ کا لباس پہن رکھا تھا

واشنگٹن سٹیٹ پیٹرول کے ترجمان مارک فرانسس نے ٹویٹر پر کہا ہے کہ ہنگامی امداد کی ٹیمیں شاپنگ مال میں داخل ہو گئی ہیں اور وہاں موجود لوگوں کو محفوظ جگہ پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

ابتدائی طور پر کہا گیا تھا کہ شاپنگ مال میں فائرنگ کرنے والے ایک سے زیادہ افراد ہو سکتے ہیں تاہم مارک فرانسس کا بعد میں کہنا تھا کہ حکام کو یقین ہے حملہ آور ایک ہی تھا۔

مارک فرانسس کے مطابق پولیس کے آنے سے پہلے مسلح شحض موقع واردات سے بھاگ گیا تھا۔

مارک فرانسس نے مشتبہ حملہ آور کو ہسپانوی مرد قرار دیا جس نے گرے رنگ کا لباس پہن رکھا تھا۔

دوسری جانب ہنگامی مینیجمنٹ کے حکام نے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ کاسکیڈ مال کی جانب جانے سے پرہیز کریں۔

امریکی تحقیقاتی ادارہ ایف بی آئی بھی مقامی پولیس کی تحقیقات میں مدد کر رہا ہے اور ایف بی آئی کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ان کے پاس ایسے مزید حملے ہونے کا کوئی ثبوت نہیں ہے۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں