برلنگٹن شاپنگ مال پر حملے میں ملوث شخص گرفتار

Image caption پولیس کے مطابق مشتبہ حملہ آور ہسپانوی مرد ہے جس نے گرے رنگ کا لباس پہن رکھا تھا

امریکی ریاست واشنگٹن میں پولیس کا کہنا ہے کہ برلنگٹن کے ایک شاپنگ مال میں ہونے والے فائرنگ کے واقعے میں ملوث مشتبہ حملہ آور کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

حکام نے بتایا کہ گرفتار کیے جانے والا شخص 20 سالہ ارکان سیتن ہے۔ وہ امریکہ کے رہائشی ہیں تاہم ان کا تعلق ترکی سے ہے۔

یاد رہے کہ جمعے کے روز برلنگٹن کے ایک شاپنگ مال میں ایک حملہ آور کی اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں کم سے کم پانچ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

اس سے قبل مشتبہ شخص کی تلاش کے دوران حکام نے اس شخص کو ہسپانوی نژاد قرار دیا تھا۔

٭ امریکہ: سیاٹل میں فائرنگ، پانچ ہلاک

واشنگٹن کی ریاستی پولیس کے ترجمان ہیتھر ایکسمین نے بی بی سی کو بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ میسیز ڈیپارٹمنٹ سٹور میں پیش آیا۔

پولیس کے بیان کے مطابق فائرنگ میں چار خواتین جب کہ ایک مرد ہلاک ہوا تھا اور اس واقعے میں ایک خاتون معمولی زخمی بھی ہوئی تھی۔

اب تک یہ واضح نہیں کہ اس حملے کے پیچھے مقصد کیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور کو سیکیورٹی کیمروں میں غیر مسلح شاپنگ مال میں داخل ہوتے دیکھا جا سکتا ہے تاہم دس منٹ بعد وہ ایک رائفل لیے میسیز ڈیپارٹمنٹسٹور میں داخل ہوا۔

یاد رہے کہ واقعے کے بعد حملہ آور جائے وقوع سے بھاگ گیا تھا اور پولیس نے ریاست بھر میں ان کی تلاش شروع کر دی تھی۔

برلنگٹن ریاست واشنگٹن کے مشہور شہر سیئیٹل سے تقریباً 100 کلومیٹر شمالی میں ہے۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں