سعودی عرب پر مقدمے کا بل، صدر کا ویٹو مسترد

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption اوباما کے ویٹو کو مسترد کرنے کے حق میں 97 ووٹ پڑے جبکہ ویٹو کے حق میں صرف ایک ہی ووٹ پڑا

امریکی کانگریس نے متفقہ طور پر صدر براک اوباما کی طرف سے نائن الیون سے متعلق بل پر لگائے گئے ویٹو کو مسترد کرنے کے حق میں ووٹ دیا ہے۔

صدر اوباما کے آٹھ سالہ دور حکومت میں یہ پہلا موقع ہے جب ان کے ویٹو کو پارلیمنٹ نے بائی پاس کیا ہے۔

براک اوباما نے کہا ہے کہ ایک بل پر ان کے ویٹو کو خارج کرکے پارلیمنٹ کے فیصلے نے ایک خطرناک مثال قائم کی ہے۔

٭ اوباما نے سعودی حکومت پر مقدمے کا بل مسترد کر دیا

اوباما نے اس بل پر ویٹو کیا تھا جس کے مطابق 11 ستمبر کے حملوں کے متاثرین کے خاندانوں کو اختیار ملا تھا کہ وہ سعودی حکومت کے خلاف مقدمہ دائر کر سکتے ہیں۔

امریکہ کی سینیٹ میں صدر کے ویٹو کو مسترد کرنے کے حق میں 97 ووٹ پڑے جبکہ ویٹو کے حق میں صرف ایک ہی ووٹ پڑا۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption صدر اوباما نے بل کو ویٹو کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس قانون سے سعودی عرب اور امریکہ کے تعلقات متاثر ہوں گے

امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کے سربراہ جان برینن کا کہنا ہے کہ اس قانون کے امریکہ کی قومی سکیورٹی پر ’سنگین مضمرات‘ ہوگے۔

’دہشت گردی کی پشت پناہی کرنے والوں کے خلاف انصاف‘ ایکٹ (جاسٹا) کی منظوری کے خلاف امریکی صدر نے بہت کوشش کی تھی۔

اوباما نے رپبلکن اور ڈیموکریٹک سینیٹ رہنماؤں کو بھیجے گئے خط میں کہا تھا کہ قانون کے طور پر جاسٹا لاگو کرنا امریکہ کے قومی مفادات کے لیے نقصان دہ ہوگا۔

اوباما نے کہا کہ اس بل کو منظور کرنے کے پارلیمنٹ کے فیصلے سے صدر کی خودمختاری کے حق کا تصور ختم ہو جائے گا۔

صدر اوباما نے بل کو ویٹو کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس قانون سے سعودی عرب اور امریکہ کے تعلقات متاثر ہوں گے اور انھوں نے خبردار کیا تھا کہ افغانستان اور عراق جیسے ممالک میں امریکی افراد کو بھی ایسے مقدمات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

یاد رہے کہ نائن الیون کے حملے میں ملوث 19 ہائی جیکروں میں سے 15 کا تعلق سعودی عرب سے تھا۔ اس حملے میں تین ہزار سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے تھے۔ امریکہ کے قریبی اتحادی سعودی عرب کا کہنا ہے کہ وہ ان حملوں میں ملوث نہیں تھا۔

تصویر کے کاپی رائٹ
Image caption اوباما نے اپنے دورِ صدارت میں 12 بار ویٹو کا استعمال کیا ہے لیکن یہ پہلا موقع ہے جب ان کی ویٹو طاقت کو غیر اہم قرار دیا گیا

وائٹ ہاؤس کے ترجمان جوش ارنسٹ نے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ یہ رائے شماری گذشتہ کئی دہائیوں میں ’امریکی سینیٹ کا وہ واحد اقدام ہے جس سے بہت پشیمانی ہو رہی ہے۔‘

ڈیموکریٹک پارٹی کے ایم پی چک سكمر نے کہا ہے کہ ’یہ اہم ہے کہ متاثرین کے اہل خانہ کو انصاف حاصل کرنے کی اجازت مل سکے، حتیٰ کہ اس کی وجہ سے سفارتی مشکلات ہوتی ہوں۔‘

اوباما نے اپنے دورِ صدارت میں 12 بار ویٹو کا استعمال کیا ہے لیکن یہ پہلا موقع ہے جب ان کی ویٹو طاقت کو غیر اہم قرار دیا گیا۔

واضح رہے کہ ڈیموکریٹ جماعت کی جانب سے صدارتی امیدوار ہلیری کلنٹن اس بل کی حمایت کرتی ہیں۔ اور سینیٹ میں کئی ڈیموکریٹ سینیٹرز نے براک اوباما کے خلاف جاتے ہوئے اس بل کے حق میں ووٹ دیا۔

امریکہ کا اتحادی ملک سعودی عرب 11 ستمبر 2000 میں امریکہ پر ہونے والے حملوں میں ملوث ہونے کی تردید کرتا ہے۔

سعودی عرب نے دھمکی دی تھی کہ اگر یہ ایسا قانون بنایا گیا تو وہ امریکی بونڈ بیچ دے گا یعنی کہ اربوں ڈالر امریکی معیشت سے نکال لے گا لیکن سینیٹرز کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کی یہ دھمکی محض الفاظ کی حد تک ہے۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں